نامکمل منصوبوں کی فوری تکمیل کے حکومتی اعلانات کے باوجود ڈھڈیال بائی پاس مکمل نہ ہوسکا

 


ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی) نامکمل منصوبوں کی فوری تکمیل کے حکومتی اعلانات کے باوجود ڈھڈیال بائی پاس مکمل نہ ہوسکا۔ کام کی طویل بندش کے باعث بائی پاس ٹوٹ پھوٹ کا شکار، فلائی اوور بھی نہ بن سکا۔ مین روڈ سے بھاری ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کےلیے تحریک انصاف کے دور حکومت میں ڈھڈیال بائی پاس کی منظوری دی گئی۔ ساڑھے چھ کلومیٹر بائی پاس کے اس منصوبے کےلیے ایک ارب 17 کروڑ 49 لاکھ 62ہزار کے فنڈز مختص کیے گئے۔ ڈھڈیال بائی پاس پر ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز ہوا اور ابھی یہ اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوگئی۔ جس کی وجہ سے بائی پاس پر کام بند کردیا گیا اور جہاں میٹریل تھا وہیں دھرے کا دھرا رہ گیا۔ پلر اور بیم تیار پڑے ہیں، وہاں نصب پلانٹ اب خستہ حال ہوچکا ہے۔ تقریباً ساڑھے تین سال کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن ابھی تک ڈھڈیال بائی پاس منصوبہ کی تکمیل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ ادھورے بائی پاس کہ وجہ سے شہر میں بدستور بھاری ٹریفک کا دباؤ ہےاور فلائی اوور کی تکمیل نہ ہونے کہ وجہ سے بارشوں میں چک بیلی خان ڈھڈیال روڈ پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوتی ہے اور علاقہ کے درجنوں دیہات کو اس صورتحال سے سخت مشکلات کا سامنا ہے۔وزیر اعظم میاں شہباز شریف اس منصوبے کی فوری تکمیل کےلئے احکامات جاری کریں۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.