"پنوال کبڈی کلب چکوال" نے دلچسپ مقابلے کے بعد "جہلم کبڈی کلب جہلم" کو شکست دے دی ظہیر عباس کمانڈو، چوہدری محمود نرا اور اہلیان تھنیل فتوحی کی جانب سے کبڈی میچ کے بہترین انتظامات
چکوال (غلام عباس جنجوعہ سے) ایک چیلنج کبڈی شو میچ "پنوال کبڈی کلب چکوال" اور "جہلم کبڈی کلب جہلم" کے درمیان تھنیل فتوحی کے مقام کھیلا گیا جس کے مہمانان خصوصی سیشن جج (گجرات) عرفان سعید پنوال اور بیورو چیف دنیا نیوز چوہدری طاہر اقبال تھے، سدا بہار کبڈی گروپ چکوال، طارق ہسولہ کبڈی گروپ چکوال، محمد خان کبڈی گروپ چکوال اور جشن بہاراں گروپ چکوال اس کبڈی میچ کو دیکھنے کے لیے خاص طور پر تشریف لائے۔
اس کبڈی میچ کا انتظام آرگنائزر ظہیر عباس کمانڈو، آرگنائزر چوہدری محمود نرا کی جانب سے کیا گیا تھا اور یہ کبڈی میچ "مددگار فاونڈیشن تھنیل فتوحی"، اہلیان تھنیل فتوحی کے تعاون سے کھیلا گیا۔
مہمانان گرامی جب اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گراؤنڈ میں پہنچے تو ڈھول کی تھاپ پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے، ان پر نوٹوں کی بارش کی گئی اور انہیں پنڈال تک پہنچایا گیا۔
یہ کبڈی میچ ایک دلچسپ مقابلے کے بعد "پنوال کبڈی کلب چکوال" نے "جہلم کبڈی کلب جہلم" کو 32 بتیس پوائنٹس کے مقابلے میں 40 چالیس پوائنٹس سے شکست دے کر جیت لیا، اس کبڈی میچ میں ریفری کے فرائض چوہدری تنویر حیدر مغل نے سرانجام دیے، آل پاکستان اناؤنسر چوہدری انعام کہوٹ نے اپنے خوبصورت انداز میں کمنٹری کی اور ہزاروں کی تعداد میں شائقین کبڈی نے اس میچ کو دیکھا اور اچھا کھیلنے والے کھلاڑیوں کی خوب حوصلہ افزائی کی۔
کبڈی میچ کے اختتام پر مہمانان گرامی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے رنر اپ کبڈی ٹیم کو تیس ہزار روپے بمعہ ٹرافی، ونر اپ کبڈی ٹیم کو چالیس ہزار روپے بمعہ ٹرافی اور اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ٹرافیز اور نقد انعامات دیے گئے۔
مین آف دی میچ ایوارڈ جاپھی وہاب ربال اور ساہی فلک شیر کو دیا گیا، کوچ اور کپتان سکندر پنوال کو کبڈی کے کھیل میں ان کی اعلی کارکردگی پر انہیں میچ انتظامیہ کی طرف سے تلوار کے نشان والی شیلڈ بطور خاص پیش کی گئی، اس خوبصورت تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر کبڈی کے کئی سینئر کھلاڑی بھی موجود تھے۔
آخر میں ہم ایک زبردست اور شاندار کبڈی میچ منعقد کروانے پر اس کبڈی میچ کے آرگنائزر ظہیر عباس کمانڈو، آرگنائزر چوہدری محمود نرا، انتظامیہ کی پوری ٹیم، اہلیان تھنیل فتوحی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور یہ کبڈی میچ جیتنے پر "پنوال کبڈی کلب چکوال" اور اس کبڈی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں