شعبہ انگریزی گورنمنٹ گریجویٹ کالج (پنوال) چکوال سے ریٹائر ہونے والے پرنسپل کالج پروفیسر سخاوت حسین آزاد کے اعزاز میں پروقارالوداعیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا
شعبہ انگریزی گورنمنٹ گریجویٹ کالج (پنوال) چکوال میں 15 مارچ کو گورنمنٹ سروس سے ریٹائر ہونے والے پرنسپل کالج پروفیسر سخاوت حسین آزاد کے اعزاز میں ایک پروقارالوداعیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز وردا جبین کی تلاوت کلام پاک اور عائشہ صدیقہ کی نعت خوانی سےہؤا۔ بی ایس انگلش کے چھٹے اور چوتھے سمسٹرز کی کلاس مہتمین سعدیہ کلثوم اور حبیبہ ناصر نے اپنی تقاریر میں پروفیسر سخاوت صاحب کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور شعبہ انگریزی کی ترقی میں ان کی حوصلہ افزائی کو ایک کلیدی عنصر قرار دیا۔عائلہ اکرام اور حیدر عمران نے اساتذہ کی عظمت پہ نظمیں سنائیں ۔ پروفیسر جمیل ملک نے کامرس کالج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر سخاوت کی تعلیمی خدمات کو سراہا جبکہ پروفیسر قاسم عباس نے کالج میں تعنیاتی کے بعد پرنسپل کالج کی زیر شفقت گزرے ہوئے لمحات کو سامعین کے ساتھ شئیر کیا۔ وائس پرنسپل پروفیسر سہیل ملک نے پروفیسر سخاوت صاحب کے ساتھ بطور نائب پرنسپل کام کرنے کے تجربے کو مفصل طریقے سے بیان کیا۔ سربراہ شعبہ انگریزی پروفیسر شاہد آزاد نے پرنسپل کالج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ انگریزی کی کارکردگی اور مسلسل ترقی کے لئیے پروفیسر سخاوت صاحب نے ایک حوصلہ افزا میدان مہیا کیا جس کے لئیے شعبے کے اساتذہ اور سٹوڈنٹس ان کے ممنون رہیں گے ۔ پروفیسر سخاوت صاحب نے اپنی الوداعی گفتگو میں اپنی تعلیمی اور پیشہ وارانہ زندگی کی تفضیلات بتاتے ہوئے حاضرین کو تلقین کی کہ مشکلات کے باوجود کوشش و جدوجہد سے ہی انسان اپنی منزل مقصود پا سکتا ہے ۔ انہوں نے ادارے کے مستقبل کے لئیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بی ایس انگلش کے موجودہ سٹوڈنٹس اپنی ڈگریاں امتیازی نمبروں اور ڈیپارٹمنٹ کے امتیازی ماحول میں پایہ تکمیل تک پہنچا کر اپنے والدین کو سرخرو کریں گے۔ پروگرام کے اختتام پر بی ایس انگلش کی کلاسز کی طرف سے پرنسپل کالج کو تحائف بھی دئیے گئے۔
کوئی تبصرے نہیں