ڈسٹرکٹ پولیس آفس چکوال سے پی ٹی آئی دھرنا اسلام آباد 2024 کے لیے ضلع میں آنے والی اضافی نفری کے کھانے کے بلوں کی ابھی تک ادائیگی نہ ہو سکی

 


ڈھڈیال (ریاض بٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفس چکوال سے پی ٹی آئی دھرنا اسلام آباد 2024 کے لیے ضلع میں آنے والی اضافی نفری کے کھانے کے بلوں کی ابھی تک ادائیگی نہ ہو سکی۔ گزشتہ سال اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے دھرنے کو روکنے کے لیے ضلع چکوال کے لیے 22 نومبر کو دوسرے اضلاع سے 450 پولیس اہلکاروں کی نفری منگوائی گئی جنہیں ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر تعینات کیا گیا۔ان اہلکاروں میں سے تھانہ صدر چکوال کی حدود میں 120، کلرکہار 150، نیلہ 80، ڈوہمن 40، اور تھانہ ڈھڈیال کی حدود میں 40 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا جن کے قیام وطعام کی ذمہ داری انہی تھانوں کے حوالے کی گئی۔ مختلف کیٹرنگ(ٹینٹ سروسز) سے ان مہمان اہلکاروں کو 22 نومبر سے 27 نومبر تک ناشتہ، چائے اور کھانا دیا گیا اور کیٹرنگ مالکان کو یقین دہانی کرائی گئی کہ دھرنے کے اختتام اور پولیس اہلکاروں کی واپسی کے بعد ان کے بلوں کی ادائیگی کردی جائے گی۔اب کیٹرنگ مالکان تھانوں کے چکر پر چکر کاٹ رہے ہیں لیکن ابھی تک انہیں ایک پائی بھی ادا نہیں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق تھانہ صدر چکوال میں القائم ٹینٹ سروس ڈھکو روڈ چکوال کا بل 3لاکھ 9ہزار روپے ہے،تھانہ ڈھڈیال کے ذمہ واجب الادا بل بھی ایک لاکھ روپے سے زائد بتایا جارہا ہے اور یہی صورتحال تھانہ نیلہ،کلرکہار اور تھانہ ڈوہمن کی ہے۔ اسلام آباد دھرنے کو روکنے کے حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کیے گئے لیکن ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ضلع چکوال کے تھانوں میں ان بلوں کی ادائیگی کیوں نہیں کی جاسکی۔ اس سلسلہ میں جب چکوال پولیس کے شعبہ اکاؤنٹس کا موقف جاننے کےلیے سید عقیل عباس شاہ کاظمی سے رابطہ کیا گیا انہوں نے نہ فون کال اٹینڈ کی اور نہ ہی انہوں نے واٹس ایپ نمبرز پر بھیجے گئے سوال کا جواب دیا۔ ٹینٹ سروس & کیٹرنگ مالکان نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال لیفٹیننٹ احمد محی الدین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ایشو کا نوٹس لیں اور ان کے بلوں کی ادائیگی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.