تلہ گنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا قیام
تلہ گنگ فری انڈسٹریل زون ، ممبران اسمبلی کی کردار ادا کریں
تلہ گنگ سے قیمتی مٹی اور پتھر دوسرے شہروں کو برآمد کیا جا رہا ہے۔
تحریر غلام ربانی چودھری
قارئین محترم تلہ گنگ کو ضلع کا درجہ 14 اکتوبر2022 کو ملا تو ساتھ ہی تلہ گنگ میں چیمبر آف کامرس کا قیام بھی لازم ہونا چاہیے کا خیال ذہن میں مچلا ۔ تاکہ بزنس کمیونٹی کو ایک مضبوط اور مربوط پلیٹ فارم میسر آسکے ساتھ ہی فلاحی کاموں میں سر فہرست افواج پاکستان میں شاندار کیریئر کی حامل شخصیت بریگیڈیئر ریٹائرڈ ملک فتح خان آف دندہ شاہ بلاول رابطہ ہوا جنہوں نے کمال شفقت کا مظاہرہ کیا اور تلہ گنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام کے لیے اپنی آشیرباد دی اور کہا کہ آپ تلہ گنگ کے معاملات سنبھالیں ہم اسلام آباد اور راولپنڈی سے اس ضمن میں آپ کو مکمل تعاون فراہم کرینگے ۔
اسی سلسلہ میں بریگیڈیئر ریٹائرڈ ملک فتح خان نے راولپنڈی آنے کی بھی دعوت دی جہاں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا مکمل وزٹ کروایا اور ادارہ کی اہم شخصیات سے تعارف بھی کرایا۔ اس طرح ایک لحاظ سے بریگیڈیئر ریٹائرڈ ملک فتح خان ملک نے اسی دن تلہ گنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بنیاد رکھ دی تھی ۔بہرحال غالباً اکتوبر 2022 میں ہم نے صدر انجمن تاجران ملک ظفر اقبال موگلہ،شیخ امتیاز حیدر،وقاص محمود،قمرالزمان ملک،ملک اشفاق حیدر ملکوال،کیمسٹ ایسوسی ایشن سے حاجی محمد ریاض،چوہدری خالد حسین،بزنس مین ملک خالد بن قادر،ملک مشتاق احمد(ملک ٹریڈنگ)،سجاد احمد(ماسٹر فرنیچر)،قاضی عبدالقادر،ڈاکٹر جاوید ملک سمیت ضلع تلہ گنگ کی تمام اہم کاروباری شخصیات سے رابطے کر کے انکے کوائف اکھٹے کر لئے تھے ۔ بعد میں 2023 شروع ہوا تو ملک محمد شبیر اعوان آف ڈھوک پٹھان سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے بتایا کہ ہم تلہ گنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا قیام عمل میں لانے کے لیے سفر طے کر چکے ہیں آپ کا تعاون ہمیں درکار ہے۔ میں نے بریگیڈیئر فتح خان ملک کی کاوشوں سے آگاہ کیا تو ملک محمد شبیر اعوان نے انتہائی مثبت جواب دیا کہ بریگیڈیئر فتح خان ملک ہمارے بھائی ہیں ۔ انکی کاوشوں کو سلام کرتے ہیں اگرچہ وہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹو ہیں اور ہم اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹو ممبر ہیں لہذا ہم اس سلسلہ میں بریگیڈیئر ریٹائرڈ فتح خان ملک سے بھی رہنمائی لیکر مشترکہ کاوشوں سے تلہ گنگ میں چیمبر آف کامرس کا قیام عمل میں لانے کی پوری پوری سعی کرینگے۔
تھوڑے ہی دنوں میں ملک محمد شبیر اعوان آف ڈھوک پٹھان کے بھتیجے ملک تنزیل وقاص جو کہ میرے دیرینہ انتہائی قابل اعتماد دوست مرحوم ملک نجب اعوان کے صاحبزادے ہیں اور تلہ گنگ چیمبر آف کامرس کے قیام میں دو افراد کا اہم کردار ہے ایک ملک تنزیل وقاص اور دوسرے ملک ساجد الرحمن(رحمان آباد) دونوں نے دوران ملاقات خوشخبری دیتے ہوئے بتایا کہ الحمدللہ تلہ گنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی رجسٹریشن ہوچکی ہے اور ہم انکے چند دنوں تک تلہ گنگ آکر اسکے آفس کا افتتاح کرینگے۔
مورخہ17 اکتوبر2024کو راقم کو بذریعہ ٹیلیفون ملک محمد شبیر اعوان نے اطلاع دی کہ ہم لائسنس لیکر آ کر آپکے پاس آرھے ھیں چونکہ میں بوجہ ھوپ الیکشن کئی دنوں سے اسلام آباد تھا ۔ چھوٹے بھائی چوہدری عامر حسین کو ہدایت جاری کی کہ چیمبر کے حوالے سے جو خدمات درکار ہوں آپ دیں ۔ میں بھی اسلام آباد سے ان شاءاللہ فری ہو کر آجاونگا ۔
یہاں پر معزز قارئین کو بتاتا چلوں کہ معروف بزنس مین ملک مشتاق احمد(ملک ٹریڈرز) المعروف ٹائروں کے بزنس مین نے بھرپور تعاون کیا ایک بلڈنگ میانوالی روڈ پر بلا معاوضہ تلہ گنگ چیمبر آف کامرس کے آفس کے لیے آفر کی مگر کچھ ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر منسٹری آف کامرس نے اس بلڈنگ کے لیے این او سی(Noc)نہیں دیا اور ہمیں راولپنڈی روڈ پر آفس لینا پڑا۔
قبل ازیں ریٹرن،شناختی کارڈ اور فوٹو وغیرہ کی اشد ضرورت تھی جو انجمن تاجران سمیت تلہ گنگ کی بزنس کمیونٹی نے بھرپور تعاون کیا اور ہمیں پونے دو سو کے قریب ضروری دستاویز فراہم کیں ۔
الحمدللہ ملک محمد شبیر اعوان آف ڈھوک پٹھان لائسنس لینے میں کامیاب ہو گئے۔اس پورے مراحل میں جہاں انکو ملک تنزیل وقاص،ملک ساجد الرحمن آف رحمان آباد،ریاض الحق قریشی،ملک ظفر اقبال موگلہ،چوہدری عامر حسین،شیخ امتیاز حیدر،ملک مشتاق احمد،سعید قریشی اور راقم غلام ربانی چودھری سمیت دیگر قریبی دوستوں کی مکمل سپورٹ حاصل تھی۔
تلہ گنگ چیمبر کے قیام میں انتہائی اہم رول فرزند چکوال جناب ظفر بختاوری اور انکے صاحبزادے احسن بختاوری تھا بلاشبہ اگر ان دونوں شخصیات کا ذکر نہ کروں تو کہانی ادھوری ہے اور یہ عظیم الشان منصوبہ پایہ تکمیل تک ہی نہ پہنچتا
اس کی وجہ کچھ ٹیکنیکل وجوہات تھیں جو ان دونوں شخصیات کے کمال محبت اور پیار کا اظہار کیا جن کی مقدور بھر کوششوں کا نتیجہ ہے کہ اج تلہ گنگ میں چیمبر کا آفس کھل گیا اور بزنس کمیونٹی کو ایک مضبوط پلیٹ فارم میسر آگیا ۔ آفس کھلنے کے تیسرے ہی روز تلہ گنگ کی مقامی مارکی میں ایک عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کر کے ملک محمد شبیر اعوان نے تلہ گنگ چیمبر آف کامرس کے آفس کا ضابطہ قیام کا اعلان کیا۔
اس تقریب میں رانا احسن افضل ایڈوائزر ٹو پرائم منسٹر،ایس ایم تنویر پیٹرن ان چیف یو بی جی،مومن علی ملک،زکی اعجاز لاہور، احسن بختاوری،ظفر بختاوری بطور مہمان خصوص تشریف لائے
تلہ گنگ چیمبر آف کامرس کے قیام کے بعد آفس راولپنڈی روڈ مدنی چوک تلہ گنگ شہر میں مبارکباد دینے والوں کا تانتا بند گیا بزنس مین کمیونٹی نے خوشی کا اظہار کیا اور دھڑا دھڑ ممبرشپ کرانے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد رابطے کرنے لگی بلا شبہ اہلیان تلہ گنگ کے لیے چیمبر کا قیام ایک بہت بڑا تحفہ ہے کیونکہ چیمبر کا قیام ڈسٹرکٹ میں ہوتا ہے ۔ تلہ گنگ ضلع بن چکا ہے اور انشاءاللہ رہے گا بلکہ اس سے آگے ترقی کرے گا اور مثالی ضلع بنے گا
قارئین محترم ! ممبران اسمبلی ملک فلک شیر اعوان ، ملک شہریار اعوان اور ایم این اے سردار غلام عباس نے گزشتہ دنوں ہماری درخواست پر چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا ۔
ممبران اسمبلی نے چیمبر عہدیداران کو مبارک باد دی اور چیمبر کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا۔ بات چیت کے دوران میرے انڈسٹری فری زون کے مطالبے پر تینوں معزز ممبران اسمبلی نے یقین دہانی کرائی کہ اس سلسلے میں مقدور بھر کوشش کریں گے کہ تلہ گنگ انڈسٹری فری زون کچھ عرصہ کے لیے بن جائے تاکہ علاقے کی تعمیر و ترقی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے اس علاقے میں سمال انڈسٹری کو فروغ ملے۔بزنس مین کی حوصلہ افزائی ہو اور ان کے لیے آسانیاں ہوں کہ یہاں انویسٹمنٹ کر کے وہ محفوظ ہوں گے اور خصوصی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔
ممبر قومی اسمبلی سردار غلام عباس نے تلہ گنگ چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹو باڈی ممبران سے کہا کہ آپ پلان تیار کریں اور ایکٹو نوجوان جو بےروزگاری کا شکار ہیں ان کا بائیو ڈیٹا اکٹھا کریں تاکہ سیالکوٹ سے بزنس مین جو فٹبال کا کاروبار کرتے ہیں اور تیار کر کے بیرون ملک بھیجتے ہیں ہم ان سے فٹبال کی سلائی کا کام لے لیتے ہیں اس سے فوری طور پر نوجوان طبقہ کام میں لگ جائے گا اور معقول معاوضہ بھی ملے گا اور علاقہ بھر میں معاشی ترقی بھی ہوگی اس کے ساتھ ساتھ یہاں پر گھریلو چھوٹی چھوٹی صنعتوں کا قیام عمل میں لا کر ہم علاقے سے بےروزگاری کا خاتمہ کر سکتے ہیں اور معاشی انقلاب بھی لا سکتے ہیں جب چھوٹی چھوٹی صنعتوں کا قیام عمل میں آئے گا تو بڑا انویسٹر بھی اس کی طرف راغب ہوگا اور یوں علاقے میں انشاءاللہ صنعتی یونٹ قائم ہوں گے اور ہمارے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے جاب کے مواقع پیدا ہوں گے اور تلہ گنگ ضلع ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو جائے گا۔
سردار غلام عباس نے اراکین چیمبر آف کامرس کو بتایا سیالکوٹ کی مثال ہمارے سامنے ہے جب ضلع ناظم سیالکوٹ نے اس وقت کے صدر مملکت سے کہا تھا کہ ہمیں فنڈ نہیں چاہیے صرف ایئرپورٹ کا لائسنس چاہیے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکورٹ نے موٹروے،ایئرپورٹ،ایئر لائن اور اب اپنا بینک بنا چکے ہیں۔ سیالکوٹ میں آپ کو کوئی نوجوان بےروزگار نہیں ملے گا پہلے چھوٹی چھوٹی گھریلو صنعتوں کو فروخت دیا گیا بعد ازاں آج بڑے بڑے صنعتی یونٹ کام کر رہے ہیں اور دنیا کو اپنی مصنوعات برآمد کرا رہے ہیں اور ملک پاکستان میں زرمبادلہ کی شکل میں زرمبادلہ کی شکل میں خطیر رقم آرہی ہے
گزشتہ دنوں 30 اکتوبر 24 بروز بدھ اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ محمد ثاقب ترازی،شاہد عنایت بھٹی ڈی ایس پی تلہ گنگ، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر سلمی اعوان اور پی ایم اے ضلع تلہ گنگ کے صدر ڈاکٹر جاوید ملک آئی سرجن نے تلہ گنگ چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا نو منتخب اراکین کو مبارکباد دی اور بعد ازاں اسلام اباد چیمبر کامرس کہ روح رواں جناب ظفر بختاوری اور ان کے صاحبزادے احسن بختاوری کی خصوصی تعاون سے ان کی ٹیم کے معاونت سے تلہ گنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے دو روزہ اینٹی ڈینگی کمپین کا آغاز کیا اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ جناب ثاقب ترازی نے افتتاح کیا ۔ فوگ سپرے سے تلہ گنگ شہر کے تمام روڈز گلی محلے مستفید ہوئے۔ اس موقع پر اینٹی ڈینگی کے حوالے سے پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے جس میں بتایا گیا کہ کس طرح ہم ڈینگی سے بچ سکتے ہیں ۔
اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ ثاقب ترازی نے بچوں اور بچیوں کو ٹیکنیکل کام سیکھانے پر زور دیا اور کہا کہ مختلف اداروں کو آپ کی طرف راغب کریں گے تاکہ چیمبر کو ادارہ بنانے میں آسانی ہو ۔
بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے ساتھ ہنر سے بھی آراستہ کریں تاکہ آئندہ زندگی ہنر کام آ سکے۔
قارئین محترم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام کا بنیادی مقصد اس علاقے میں چھوٹی بڑی صنعت کو فروغ دینا ہے خواتین و مرد سب کو ہنر مند بنانا ہے بے روزگاری کا خاتمہ کرنا ہے لوگوں کو خوشحال کرنا ہے اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کے سرمائے کو لوگوں کے لیے استعمال کرنا ہے انویسٹر کو حوصلہ دینا اور سرپرستی کرنی ہے تاکہ ضلع تلہ گنگ میں زیادہ سے زیادہ انویسٹمنٹ ہو اور عوام الناس مستفید ہو یہاں کی سب سے بڑی فصل گندم ہے مگر ضلع تلہ گنگ میں میاںوالی روڈ پر صرف ایک فلور مل ہے ۔ میانوالی روڈ سرگودھا روڈ راولپنڈی روڈ پر مزید تین فلور ملز کی گنجائش ہے بیرون ملک بسنے والے تلہ گنگیوں کو اپنے علاقے میں انویسٹ کرنی چاہیے ان کی انکم بھی بڑھے گی اور نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا
ضلع تلہ گنگ کی دوسری بڑی فصل مونگ پھلی کی ہے ابھی تک کسی بڑے پیمانے پر اس کی صنعت قائم نہیں ہو سکی اب ہم انویسٹر سے رابطہ کر رہے ہیں کہ وہ آئیں اور اس سے آئل مکھن اور دیگر مصنوعات کے علاوہ مونگ پھلی کو روسٹ کر کے خوبصورت پیکنگ میں بیرون ملک بھیجنے کا انتظام کریں تاکہ برآمدگی سے علاقے کے کسان کو ریلیف ملے۔
قارئین! معلوم ہوا ہے تلہ گنگ کے پڑوس میں واقعہ ڈھک پہاڑ،رکھی نمل چکڑالہ سے بڑے بڑے کنٹینرز کے ذریعے مٹی گجرات گجرنوالہ جا رہی ہے جہاں برتن اور سینٹری کا سامان سازی کے لیے مٹی استعمال ہوتی ہے کیوں نہ ہم اس مٹی کو استعمال میں لا کر مٹی کے سفید پیالے پرچ پیالی اور دیگر سینٹری کا سامان برتن سازی میں استعمال کریں اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دیں اور ضلع تلہ گنگ میں صنعتوں کو فروغ دیں۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پیل پدھڑار کے علاقے سے سفید پتھر بڑی تعداد میں گجرانوالہ جا رہا ہے جہاں صنعتی یونٹ اسے استعمال کر کے انتہائی قیمتی مصنوعات تیار کر کے بیرون ملک بھیج کر زر مبادلہ کما رہے ہیں اور علاقے کی تعمیر و ترقی میں اہم رول ادا کر رہے ہیں ضلع تلہ گنگ کے بالکل پڑوس میں ضلع چکوال کی حدود میں بلکسر کے قریب القائم مل کے ساتھ ملحقہ چوزوں چکن کی خوراک تیار ہو رہی ہے اس کا تمام مٹیریل تلہ گنگ سے جا رہا ہے انویسٹر کے لیے سنہری موقع ہے کہ وہ اس قسم کا کارخانہ تلہ گنگ کی حدود میں لگائیں تلہ گنگ میں مرغی کے بچوں چوزوں کی ہچڑی کا بھی بہت سکوپ ہے اس سلسلے میں تلہ گنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مکمل سرپرستی رہنمائی کے لیے تیار ہے ہم ٹیکنیکل افراد بلا معاوضہ ٹیم فرام کریں گے اور سرپرستی بھی کریں گے ۔
ضلع تلہ گنگ کے سپوتوں کی بڑی تعداد ضلع تلہ گنگ سے باہر بڑے شہروں میں انڈسٹریز لگا کر اپنا کاروبار کر رہے ہیں اگرچہ وطن عزیز کے لیے ان کی خدمات گراں قدر ہیں اور قابل ستائش ہیں کیونکہ قبل ازیں تلہ گنگ میں پہلے کوئی ایسا ادارہ نہ تھا جو ان کی معاونت کرتا اور درپیش مسائل میں ان کو سپورٹ کرتا مگر الحمدللہ اب چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ادارہ بن چکا ہے میری گزارش ہے جناب ملک ذوالفقار اعوان آف مرجان اور ان کے ساتھ ان کے گروپ کے دیگر تمام انویسٹر سے کہ گجرات کی طرح ضلع تلہ گنگ میں پنکھوں کی فیکٹری کا آغاز کریں وطن عزیز کی خدمت کے ساتھ ساتھ اپنی مٹی کا قرض بھی چکائیں اس طرح شیخوپورہ میں تلہ گنگ کے عظیم ثبوت حاجی ملک نور محمد اعوان گاؤں چکی شاہ جی کوٹگلہ سینگ مل(دھاگے والی) دو ملز ہیں حالانکہ ان کا خام مال بیرون ملک سے آتا ہے یہ مل اگر قائم ہو جائے تو نہ صرف بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا بلکہ تلہ گنگ معاشی لحاظ سے بھی بہتر ہو جائے گا ہمارے پڑوس ضلع چکوال میں پلاسٹک کی جوتیاں بالٹیاں برتن بن رہے ہیں پلاسٹک کی مصنوعات بھی تلہ گنگ میں تیار ہو سکتی ہیں صرف پلاننگ کی ضرورت ہے۔
قارئین کو آگاہ کرتا چلوں کہ چکوال میں القائم مل القادر مل کوہ نور مل سمیت اٹھ مل کام کر رہی ہیں چھوٹی گھریلو صنعتوں کے حوالے سے خواتین کے لیے انتہائی مناسب اور بہترین کام چھوٹی چھوٹی فیکٹریز کا قیام ہے بچوں اور لیڈیز ملبوسات چھوٹے بچوں کے سکولوں کے یونیفارم بھی تیار کر کے اگر تلہ گنگ شہر کے ڈسپلے سینٹر میں رکھے جائیں تو مقامی تعلیمی اداروں کو آسانی ہوگی کہ وہ طلبہ و طلبات کے لیے یونیفارم دستیاب کراسکیں۔ اس ضمن میں چیمبر سیل پوائنٹ ڈسپلے سینٹر کے قیام کے لیے معاونت کر سکتا ہے ۔
سمال انڈسٹریز کے حوالے سے اگر بات کروں تو چھوٹی چھوٹی گھریلو صنعتوں میں ملبوسات کی تیاری کے علاوہ مصالحہ جات پیکنگ بیکری پروڈکٹس مثلا کیک کی تیاری فوڈ آئٹم وغیرہ وغیرہ ضلع تلہ گنگ سے باہر یا بیرون ملک بسنے والے تلہ گنگیوں سے گزارش ہے کہ آئیں اور اپنے علاقے کی تعمیر و ترقی میں اپنا رول ادا کریں اپ تلہ گنگ میں انویسٹمنٹ کا پروگرام بنائیں ہم انشاءاللہ اپ کو مکمل رہنمائی اور سپورٹ دیں گے ان شاءاللہ
اللہ تعالی ہم سب کا حامی و ناصر ہو
کوئی تبصرے نہیں