فرزند چکوال ڈاکٹرمحمد ماجد نواز ملک نے پی ایچ ڈی مکمل کر کے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا
ان کی علمی وتحقیقی کام علم وتحقیق کی دنیا میں ایک منفرد اور جدا مقام رکھتا ہے۔
انہوں نے یونیورسٹی آف کراچی سے اسلامک اسٹڈیز میں پی ایچ ڈی کی ڈگری اے پلس گریڈ میں مکمل کی۔
وہ اس سے قبل ایم اے میں گولڈ میڈل اوروزیر اعلی پنجاب سکیم سے لیپ ٹاپ ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں
کلرکہار(نمائندہ خصوصی)فرزند چکوال ڈاکٹر محمد ماجدنواز ملک نے اسلامک اسٹڈیز میں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کرکے علاقے کا نام روشن کر دیا ہے۔انہوں نے جامعہ کراچی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی ہے۔ان کے تحقیقی مقالہ کا عنوان ”وبائی امراض کے بارے میں شرعی احکام: فقہاء اور معاصر اطباء کی آراء کا تجزیاتی مطالعہ“ ہے۔جو انہوں نے ڈاکٹرمحمد عاطف اسلم راؤکی نگرانی میں مکمل کیا ہے۔ انہوں نے اس مقالہ میں وبائی امراض بالخصوص کرونا وائرس کے حوالے سے فقہی اور طبی نکتہ نظر کو یکجا کرکے ان کا تجزیہ کیا ہے۔انہوں نے اس مقالہ میں وبائی امراض کی تاریخ،اقسام،وبائی امراض آنے کے ظاہری وباطنی اسباب اوران کے فقہی احکام پر اثرات پر روشنی ڈالی ہے۔یہ مقالہ چار سو سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔ وبائی امراض پر ان کی اس تحقیق نے اسلامی علوم میں نئی روایت قائم کرکے تحقیق کی دنیا میں نئی راہیں ہموار کی ہیں۔علمی حلقوں میں ان کی اس کاوش کو زبردست پذیرائی ملی ہے اور اسے جدید اسلامی تحقیق میں ایک منفرد اضافہ قرار دیا گیا ہے۔ڈاکٹر محمد ماجد نواز جلالی نے اپنے تعلیمی سفر میں متعدد اعزازات بھی حاصل کیے ہیں۔انہوں نے ایم اے عربی میں گولڈ میڈل حاصل کیا اوروزیر اعلی پنجاب لیپ ٹاپ سکیم سے لیپ ٹاپ بھی حاصل کیا تھا۔وہ اس وقت جامعہ اسلام آباد میں سینئرمدرس،معاون مفتی اور نائب ناظم تعلیمات کی ذمہ داری بحسن وخوبی نبھا رہے ہیں۔وہ قریبا دس سال سے تدریس کے شعبہ سے وابستہ ہیں۔انہوں نے سیرت طیبہ،اسلاموفوبیا،مسلمانوں کو درپیش مسائل اوراُن کے حل اور جدید کرنٹ ایشوز پر کئی مقالات بھی لکھے ہیں جو مختلف تحقیقی مجلات وجرائد کی زینت بن چکے ہیں۔ڈاکٹر مفتی محمد ظفر اقبال جلالی پرنسپل وشیخ الحدیث جامعہ اسلام آباد نے کہا ہے کہ ڈاکٹر ماجد نواز ملک جلالی جامعہ اسلام آباد کا سرمایہ افتخار ہیں اور ہمیں بلاشبہ اُن پر فخر ہے۔ان کا علمی سفر ایک روشن چراغ کی مانند ہے جو آئندہ نسلوں کو رہنمائی فراہم کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ان کا تحقیقی کام تحقیق کی دنیا میں ایک عظیم کاوش اور انمول خزانہ ہے۔انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ ان کی علمی کاوشیں تحقیق کی دنیا میں ایسے نقوش چھوڑتی ہیں جو علمی حلقوں میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ترجمان کے مطابق ڈاکٹر ماجد نواز ملک نے ماضی قریب میں مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن کے دست مبارک سے مفتی کورس کی ڈگری حاصل کی تھی۔یقینا وہ چکوال اور علاقہ ونہار کے باعث فخر فرزند ہیں جنہوں نے ہر جگہ اپنے شہر اور ضلع کا نام روشن کیا۔
کوئی تبصرے نہیں