بچوں کی تربیت میں استاد کا کلیدی کردار ہے، سید عیاض الرحمٰن شاہ

 


منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کی بحالی میں ہیلپنگ ہینڈ چکوال کی کوششیں تعریف کی مستحق ہیں، ڈاکٹر عبدالوحید


چکوال (نامہ نگار ) ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ چکوال کے منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کے پروگرام کے پروجیکٹ آفیسر سید عیاض الرحمٰن شاہ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس چکوال ڈاکٹر عبدالوحید سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ سید عیاض الرحمٰن شاہ پروجیکٹ آفیسر کے ہمراہ اسسٹنٹ پروجیکٹ آفیسر اسامہ مصطفٰی( سائیکالوجسٹ) بھی موجود تھے۔ سید عیاض الرحمٰن شاہ نے منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کو عام گورنمنٹ سکولز میں عام بچوں کے ساتھ پڑھانے اور تعمیلی سرگرمیوں میں سہولیات فراہم کرنے پر ادارہ ہیلپنگ ہینڈ چکوال کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ عالمی یوم اساتذہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچوں کی تربیت میں استاد کا کلیدی کردار ہے۔ اساتذہ کی خدمات کا جتنا بھی اعتراف کیا جائے کم ہے۔دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو اساتذہ کا احترام کرتی ہیں۔ جہاں تکریم اور احترام استاد کا حق ہے وہاں اس پر معاشرے کی رہنمائی اور قیادت کے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ہم اپنے اساتذہ کے عظیم کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالوحید چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس چکوال کا کہنا تھا کہ منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کی بحالی میں ہیلپنگ ہینڈ چکوال کی کوششیں تعریف کی مستحق ہیں۔ ہیلپنگ ہینڈ چکوال دکھی انسانیت کی خدمت، انکی بحالی اور انکو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھتی ہے۔ انہی کاوشوں سے ہم بہت جلد اپنے معاشرے میں مزید مثبت تبدیلیاں لائیں گے اور اپنی آنے والی نسلوں کو ایک اچھا سلجھا ہوا معاشرہ دے سکیں گے۔ محکمہ ایجوکیشن اپنے تعلیمی اداروں میں منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کو بھی عام بچوں کی طرح ہی دیکھتا ہے اور انکو بھی باقی بچوں طرح معاشرے کا اچھا شہری بنانے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ سید عیاض الرحمٰن شاہ پروجیکٹ آفیسر ہیلپنگ ہینڈ چکوال نے عالمی یوم اساتذہ کے حوالے سے ڈاکٹر عبدالوحید کو ہیلپنگ ہینڈ چکوال کی جانب سے تحفہ بھی پیش کیا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.