صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چکوال کا اچانک دورہ

 


وزیر صحت نے ہیلتھ کیئر سسٹم کی کارکردگی اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ٹو چیف منسٹر انسپکشن ٹیم چوہدری سلطان حیدر علی خان، ڈپٹی کمشنر چکوال قراۃ العین ملک، ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب ملک فلک شیر اعوان، چیف آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر انجم قدیر اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر رفتار حسین بھی ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال میں ایمرجنسی وارڈ،بچہ وارڈ، سٹی سکین مشین اور فارمیسی کو چیک کیا اور مریضوں کے لئے موجود دوائیوں کے بارے معلومات لیں۔ صوبائی وزیر صحت نے ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال میں انجیو گرافی کی سہولت دینے کا اعلان کیا۔ مریضوں کی عیادت کی اور ان سے علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں تمام صحت کی سہولیات مہیا کی جائیں گی تاکہ لوگوں کو علاج معالجے کے لئے دوسرے شہروں میں نہ جانا پڑے- انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دورہ مختصر ہے مگر اگلے ہفتے پورا دن یہاں گزاروں گا اور ضلع چکوال کے لئے مکمل ہیلتھ پیکج کا اعلان کروں گا- وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبے کی عوام کو صحت کی تمام سہولیات فراہم کریں گے- ضلع چکوال میں ڈی ایچ کیو فیز ٹو کے لئے عملی اقدامات کرنے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاہے کہ گزشتہ دور حکومت میں یہاں کے لوگ بڑے بڑے عہدوں پر فائز رہے لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا ان بڑے عہدوں پر رہنے والوں نے فنڈز بھی بے حساب لئے لیکن شاید انکی ترجیحات کچھ اور تھیں۔ انہون نے کہاکہ حکومت پنجاب صوبے کے تمام اضلاع میں صحت عامہ کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے پولیو کی روک تھام کیلئے ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ چکوال میں پہلے پولیو کیس کو انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے بروقت اقدامات کی وجہ سے پولیو سے متاثرہ بچہ اب مکمل طور پر صحتمند ہے اور فٹبال کھیلتا ہے-

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.