صارفین کو معیاری اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی برقرار رکھی جائے، قراۃ العین ملک

 


چکوال (نامہ نگار ) حکومت پنجاب کی طرف سے عوام الناس کے لئے وضع کردہ مارکیٹ ریلیف پالیسی کے ثمرات ضلع کے عوام کو فراہم کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کا پرائس کنٹرول اور کوالٹی چیکنگ سسٹم پوری طرح متحرک ہے تاکہ مارکیٹ میں مؤثر چیک اینڈ بیلنس کے تحت صارفین کو معیاری اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی برقرار رکھی جاسکے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کارکردگی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر خاور بشیر، ڈی او انڈسٹریز حامد بھٹی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ روز مرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مقررہ سطح پر رکھ کر عوام کو ذیادہ سے ذیادہ مارکیٹ ریلیف کی فراہمی یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے پرائس کنٹرول اور کوالٹی چیکنگ میکانزم کو ہمہ وقت فعال رکھا جائے تاکہ کوئی دکاندار اشیائے ضروریہ مہنگے داموں فروخت نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس کو چاہیے کہ خریداری کرتے وقت مقررہ نرخوں سے زائد قیمت ہر گز ادا نہ کریں اور جو دکاندار مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرے اس کی شکایت فوری طور پر ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کے رابطہ نمبر 0543660250 پر کی جائے تاکہ قصور وار دکاندار کے خلاف بلا تاخیر قانونی کارروائی کر کے گراں فروشی کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.