27 اکتوبر کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر جماعت اسلامی ضلع چکوال نے کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)
27 اکتوبر کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر جماعت اسلامی ضلع چکوال نے کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا اور ریلی نکالی۔ڈاکٹر نواز ہال میں منعقدہ کشمیر کانفرنس میں جماعت اسلامی کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جبکہ مرکزی مسلم لیگ کے روح رواں مولانا عبداللہ نثار بھی شریک ہوئے۔ مولانا عبداللہ نثار، امیر جماعت اسلامی اشرف آصف ،حافظ عبدالرﺅف نے خطاب کرتے ہوئے کشمیر پربھارت کے غاصبانہ قبضے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مقررین کاکہنا تھا کہ کشمیری آزادی کے لیے 75سالوں سے جنگ لڑ رہے ہیں اور ان کا ایک ہی نعرہ ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔مقررین نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی حکمرانوںنے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کبھی بھی سنجیدہ کوششیں نہیں کیں۔مسئلہ کشمیر آج بھی ہمارے حکمرانوں کے لیے چیلنج ہے۔کشمیری تحریک کے شروع ہونے سے لے کر آج تک اپنے مقصد کے لیے سینہ تان کر کھڑے ہیں۔کشمیریوں نے آزادی کے لیے لاکھوں جانیں قربان کیں جبکہ لاکھوں آج بھی جیلوں میں بند صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔کشمیری کانفرنس میں دیگر جن رہنماﺅں نے شرکت کی ان میں مولانا رفیق ،عدنان فاروق گوندل،صداقت حسین گوندل،ماسٹر اشرف، آصف سیال،ڈاکٹر عارف اور دیگر شامل ہےں۔جبکہ کشمیر کانفرنس سے تسکین سیداور صداقت حسین گوندل نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر شرکاءنے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کے ساتھ کیا گیا عہد نبھایا جائے۔
کوئی تبصرے نہیں