نئے مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنا کر مسافروں کو بھرپور سہولت فراہم کی جائے،قراۃ العین ملک

 


چکوال ( نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر و چیئرپرسن ڈی آر ٹی اے قراۃ العین ملک نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کی گئی ہے۔ ضلع چکوال و تلہ گنگ کے عوام الناس کو حکومتِ پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے کرایوں کی شرح میں کمی کر کے نئے کرائے مقرر کر دیئے گئے ہیں جو فوری طور پر ضلع چکوال و تلہ گنگ کے اندرونی و بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے روٹس پر نافذ العمل ہیں۔ انہوں نے اس امر کا انکشاف پبلک ٹرانسپورٹ کے نظر ثانی شدہ نئے کرائے مقرر کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ ڈی آر ٹی اے کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر و چیئرپرسن ڈی آر ٹی اے قراۃ العین ملک نے پبلک ٹرانسپورٹ مالکان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ نئے مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنا کر مسافروں کو بھرپور سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ڈی آر ٹی اے کی چیکنگ ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کر دیا گیا ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں نئی مقررہ شرح سے زائد کرایہ کی وصولی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر و چیئرپرسن ڈی آر ٹی اے نے ڈی آر ٹی اے انتظامیہ کے ہمراہ چکوال شہرکے پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں میں اچانک چیکنگ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی آگاہی کے لئے نئے کرایہ ناموں پر مبنی بینرز آویزاں کریں اور اسی طرح گاڑیوں میں بھی کرایوں کی نئی فہرستیں نمایاں جگہوں پر چسپاں کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے مسافروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے مقررہ کرایوں سے زائد ہرگز ادا نہ کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام الناس کو آگاہ کیا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں مقررہ شرح سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم میں ٹیلی فون نمبر 0543660250 پر فوری اطلاع دی جائے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.