سیرة النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی جامعیت و اکملیت ہر قسم کے شک و شبہ سے محفوظ ہے،عمار محبوب

 


ہیلپنگ ہینڈ چکوال اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغام کو ہر خاص و عام تک پہنچانا چاہتی ہے۔ محمد ندیم

چکوال (نامہ نگار) ہیلپنگ ہینڈ چکوال کی جانب سے نجی ہال میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عنوان سے یتیم بچوں کے پروگرام، منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کے پروگرام، سکلز ڈیویلپمنٹ سنٹر اور ہیلتھ پروگرام کے باہمی اشتراک سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی مذہبی سکالر عمار محبوب کا سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موضوع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کو خالق ارض و سما رب العلیٰ نے نسلِ انسانی کے لیے نمونہٴ کاملہ اور اسوہٴ حسنہ بنایاہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقہ کو فطری طریقہ قرار دیا ہے۔ آپ کے معمولات زندگی ہی قیامت تک کے لیے شعار ومعیار ہیں، یہی وجہ ہے کہ سیرة النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ہر گوشہ تابناک اور ہر پہلو روشن ہے۔ سیرة النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی جامعیت و اکملیت ہر قسم کے شک و شبہ سے محفوظ ہے۔ امت مسلمہ کو اگر حقیقی معنوں میں کامیاب ہونا ہے تو اسکا حل یہی ہے کہ آپ کے بتائے ہوئے طریقوں پر عمل کیا جائے۔ ایریا منیجر محمد ندیم نے شرکاء کو اس پرنور محفل میں خوش آمدید کہا آپکا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہیلپنگ ہینڈ دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے، ہیلپنگ ہینڈ چکوال کی جانب سے اس تقریب کے انعقاد کا مقصد نہ صرف خود اسوہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل کرنے کی کوشش کرنا ہے بلکہ دوسروں تک اسوہ رسول کے پیغام کو پہنچانا بھی ہے۔ تقریب میں بچوں کے لیے نعتیہ مقابلے کا انعقاد بھی کیا گیا جسے میں ڈسٹرکٹ پبلک سکول کی بچی نے پہلی پوزیشن لی اور انعام وصول کیا۔ تقریب میں سکل ڈیویلپمنٹ سنٹر چکوال کی بچیوں نے اسلامی کیلیگرافی کرتے ہوئے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا اور انعام وصول کیے۔ ہیلپنگ ہینڈ چکوال کے مختلف پروگرامز میں رجسٹرڈ فیملیز کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.