چیئرپرسن پنجاب وویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا چکوال کا دورہ

 


چکوال (نامہ نگار ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چیئرپرسن پنجاب وویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے ضلع چکوال کا دورہ کیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ممبر صوبائی اسمبلی مہوش سلطانہ راجہ اور ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک سے ملاقات کی ۔اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن (ر) واحد محمود ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد وسیم، انچارج دارلامان اسسٹنٹ ڈائریکٹر عائشہ کنول اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ چیئر پرسن پنجاب وویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے موضع پنوال میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی پروین اختر کےخاندان سے ملاقات کی اور ان سے کیس کے حوالے سے مکمل معلومات حاصل کیں۔انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ ان کے ساتھ انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے اور حکومت پنجاب کی طرف سے قانونی و مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر چکوال میں قتل ہونے والی عورت کی فیملی سے ملاقات کی ہے اور متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔ مقتولہ کے دونوں بچوں کی کفالت کے ساتھ متاثرہ خاندان کی مالی امداد کی جائیگی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خواتین کے حقوق کے لیے ذاتی دلچسپی لے کے کام کر رہی ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت معاشرے میں خواتین پر بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کے بغیر ترقی ممکن نہیں ۔چیئرپرسن پنجاب وویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے مزید کہا کہ حکومت خواتین کو مکمل قانونی تحفظ اور آزادی فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.