یومِ استحصال کشمیر:ضلع چکوال میں کشمیری بھائیوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

 



چکوال (نامہ نگار) یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ملک بھر کی طرح ضلع چکوال میں بھی مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور یہ دن جذبہ حریت سے معمور بہادر کشمیریوں کے حق خودارادیت و آزادی کی مکمل حمایت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے منایا گیا۔ اس موقع پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لئے ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز پر ریلیاں منعقد کی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مرکزی یکجہتی ریلی ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد کی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ واحد محمود کے ہمراہ کی ۔ ریلی میں اے ڈی سی آر خاور بشیر، اے سی چکوال ثمینہ بشیر، اے سی ہیڈکوارٹرز ، سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر عبد الوحید، سی او ضلع کونسل محمد فیاض ہاشمی، ڈی او سول ڈیفنس ،پرنسپل ڈی پی ایس محمد ندیم سرور و دیگر سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیر پر پانچ سال سے بھارتی افواج کے مسلسل محاصرے اور مظلوم کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ۔ شرکاء نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے اور ریلی کے اختتام تک کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ان کی بھارتی جبر و استبداد سے آزادی کے حق میں نعرے بلند کرتے رہے اور یہ عزم دہرایا کہ سفاک بھارت سے کشمیر کی آزادی تک ہم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ریلی کے اختتام پر ضلع کونسل ہال میں اے ڈی سی ریونیو کے زیر صدارت یومِ استحصال کشمیر سیمینار بھی منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی جدو جہد آزادی اور جذبہ حریت و قربانی کو سلام پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بد ترین جبر و تشدد کے باوجود بہادر کشمیریوں کے جذبہ حریت و خود ارادیت کو دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے کشمیر کا غیر قانونی محاصرہ کر کے کشمیری عوام پر عرصہ حیات مزید تنگ کر رکھا ہے جس کی پاکستان کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھی شدید مذمت کی گئی ۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر حکومت پاکستان کے اصولی موقف اور کشمیر کی آزادی کے لئے سیاسی، اخلاقی اور سفارتی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ سیمینار سے ڈسٹرکٹ پبلک سکول و کالج کی طالبہ زوحا سرور و دیگر بچوں نے تقریریں کیں اور ملی نغمے پیش کیے اس موقع پر یوم استحصال کشمیر کے موقع پر خصوصی ڈاکومینٹری فلم بھی پیش کی گئی۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.