پرواز انٹرنیشنل سکول چکوال نے جشن آزادی منا کر سکول کا باقاعدہ افتتاح کیا

 


چکوال(ڈسڑکٹ رپورٹر ) پرواز انٹرنیشنل سکول کرسچین کالونی راولپنڈی روڈ نے جشن آزادی منا کر سکول کا باقاعدہ افتتاح کیا ،اس موقع پر سکول میں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں علاقہ بھر سے خواتین اور بچوں کے والدین نے شرکت کی۔پرواز انٹرنیشنل سکول کے بچوں نے ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کیے ،جشن آزادی کے حوالے سے تقاریر کی گئیں اور سکول کا باقاعدہ افتتاح کیاگیا، خطبہ استقبالیہ پرنسپل میڈم روبینہ شاہین نے پیش کیا اور بتایا کہ پرواز انٹرنیشنل سکول قوم کے نونہالوں کامستقبل روشن بنانے کے لیے قائم کیا گیا ہے اور یہاں پر اعلیٰ اور معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔ جس کے لیے تجربہ کار اساتذہ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم آنے والی نسلوں کو ایسی تعلیم دینا چاہتے ہیں کہ وہ آگے بڑھیں اور ترقی کی دوڑ میں شامل ہوں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن اور جنرل سیکرٹری ریجنل یونین آف جرنلسٹس شمالی پنجاب عبدالغفور منہاس نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کی بدولت شرح خواندگی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور پرواز انٹرنیشنل سکول کے قیام سے اس عمل کو مزید تقویت ملے گی ۔پرواز انٹرنیشنل سکول علاقہ اور گردونواح کے والدین کی امیدوں پر پورا اترے گا اور یہاں پر معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی رہنما علامہ حافظ عمر فاروق نقشبندی نے کہا کہ پرواز انٹرنیشنل سکول کی افتتاحی تقریب اس حوالے سے اہم ہے کہ اس کا افتتاح جشن آزادی منا کر کیاگیاہے۔وہ دعا گو ہیں کہ یہ ادارہ دن دگن رات چوگنی ترقی کرے۔ بزرگ صحافی عبدالرشید مرزا ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے پرواز انٹرنیشنل سکول کے قیام کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ سکول میں طلبا و طالبات کو تعلیم اور تہذیب کی اعلیٰ روایات کی تشکیل کی جانب مائل کیا جائےگا۔سکول بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں کردار ادا کر سکے گا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.