سالانہ محفل بسلسلہ شہادت امام عالی مقام امام حسینؓ مسجد شریف جامع الفتح ڈھڈیال منعقد ہوئی

 


ڈھڈیال (خصوصی رپورٹ) سالانہ عظیم الشان محفل پاک 10 محرم الحرام بسلسلہ شہادت امام عالی مقام امام حسینؓ مسجد شریف جامع الفتح المعروف گنبد والی مسجد پنڈی چکوال روڈ ڈھڈیال میں زیر صدارت حضرت علامہ مولانا محمد یعقوب نقشبندی منعقد ہوئی، محفل پاک کا باقاعدہ آغاز قاری عبدالجلیل اعوان نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور نقابت کے فرائض حافظ محمد عاصم رضوی نے سر انجام دیئے جبکہ ثنا خوان مصطفی ﷺ قاری محمد ارسلان اور ننھے ثنا خوان صاحبزادہ محمد زکریا نے اپنے مخصوص انداز میں بارگاہ رسالت مآب ﷺ اور نواسہ رسول ﷺ امام حسین ؓ کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیا۔اس سے قبل اجتماعی طور پر قرآن خوانی اور کلمہ طیبہ کا ورد کیاگیا جبکہ خصوصی خطاب حضرت علامہ مولانا محمد یعقوب نقشبندی نے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اہلبیت اطہار کی شان قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ اہلبیت اطہار پر ایمان لائے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہی ہوتا اور بتایا کہ اللّٰہ کریم قرآن کریم میں ارشاد فرماتا ہے کہ اے نبی تم فرماؤ: اس پر(میں رسالت کی تبلیغ پر) تم سے کوئی معاوضہ طلب نہیں کرتا مگر اہل قرابت کی مودت۔ مقصد شہادت امام عالی مقام بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی شہادت کا مقصد دین کو بچانا تھا اور شہادت کے وقت بھی امام عالی مقام کا سر مبارک سجدے میں تھا اور قرآن پاک کی تلاوت نیزے کی نوک پر بھی کرتے رہے اس لئے ہمیں بھی چاہیے کہ حسینی بن کر جئیں اور کسی ظالم کے آگے نہ جکھیں اور اپنے کردار سے حسینی نظر آئیں اور ان کی تعلیمات پر عمل کر کے حسینی ہونے کا ثبوت دیں۔ خطاب کے بعد خصوصی دعا کی گئی جس میں عالم اسلام اور خصوصی طور پر اہل فلسطین کے لئے دعا مانگی گئی بعد ازاں آنے والوں تمام محبان اہلبیت میں لنگر حسینی تقسیم کیا جس کا انتظام مسجد کمیٹی کی جانب سے کیا گیا تھا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.