موک ایکسر سائز کا اہتمام کھائی ڈیم پر کیا گیا

 


چکوال(نامہ نگار) حکومتِ پنجاب کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) سے موصولہ احکامات کی روشنی میں ایک پری فلڈ موک ایکسر سائز(فرضی مشق) ضلعی انتظامیہ کے زیر نگرانی منعقد کی گئی۔ اس موک ایکسر سائز کا اہتمام کھائی ڈیم پر کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفس ریسکیو 1122 کے ریسکیورز، ایم سی چکوال، ایریگیشن، پولیس اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاران نے حصہ لیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور لائیو سٹاک ڈپارٹمنٹ کی طرف سے فرضی امدادی کیمپس بھی لگائے گئے۔ ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) قراۃ العین ملک نے اسسٹنٹ کمشنر کلر کہار ساحل رسول چیمہ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر زین علی خان کے ہمراہ موک ایکسر سائز کا معائنہ کر کے ریسکیو اینڈ سیفٹی کا مظاہرہ دیکھا۔ انہوں نے ریسکیو ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریسکیو اینڈ سیفٹی کے مظاہرہ کو قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ یہ ریسکیورز کی معیاری تربیت، ایمرجنسی مینجمنٹ کے لئے ہمہ وقت مستعدی اور تیاری کا ثبوت ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیو اینڈ سیفٹی اور ایمرجنسی مینجمنٹ کے امور میں انتظامی طور پر ڈی ڈی ایم اے کو ہر ممکن معاونت و سرپرستی فراہم کی جائے گی۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 زین علی خان نے بتایا کہ موک ایکسر سائز منعقد کرنے کا بنیادی مقصد موسم برسات میں ممکنہ شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ کی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ڈی ڈی ایم اے کے معاون شعبوں کی آپریشنل تیاریوں کو جانچنا اور ان کی استعداد کار میں مطلوبہ اضافہ کرنا ہے تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ دائرہ کار کی ذمہ داریاں بطریق احسن پوری کر سکیں۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.