درجہ چہارم کے ملازم جاوید مسیح کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے الوداعی تقریب

 


ڈیپارٹمنٹ آف انگلش گورنمنٹ گریجویٹ کالج (پنوال) چکوال میں درجہ چہارم کے ملازم جاوید مسیح کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے ایک الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت کالج پرنسپل پروفیسر سخاوت حسین آزاد نے کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ شعبہ انگریزی پروفیسر شاہد آزاد نے بی ایس انگلش کے طلبہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جاوید مسیح کی خدمات کو طلبہ و اساتذہ کی طرف سے سراہنا ایک نئی سوچ کا غماز اور نئی روایت کا آغازہے ۔انہوں نے کہا کہ رینک ، رنگ اور مذہب کے بجائے کارکردگی اور فرض شناسی ہی کسی کی فضیلت کا باعث بنتی ہے۔ کالج کے وائس پرنسپل پروفیسر سہیل ملک نے جاوید مسیح کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے انہیں کالج کا اثاثہ قرار دیا۔ پروفیسر طارق محمود نے جاوید مسیح کو ریٹائرمنٹ پہ مبارکباد دیتے ہوئے آئندہ کی زندگی کے لئیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ کالج پرنسپل پروفیسر سخاوت حسین آزاد نے اپنی تقریر میں جاوید کو ایک مثالی ملازم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اداروں کو جاوید مسیح جیسے باعمل، محنت پہ آمادہ افراد کی ضرورت رہتی ہے ۔ انہوں نے انگلش ڈیپارٹمنٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ انگریزی نے کالج کے مثبت تشخص کے فروغ کے لئیے مسلسل اور قابل تعریف رول ادا کیا ہے ۔ تقریب کے آخر میں جاوید مسیح نے شعبہ انگریزی اور دوسرے طلبہ و اساتذہ کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کالج میں گزرے ہوئے وقت کو وہ اپنی زندگی کا اثاثہ سمجھتے ہیں اور یہ یادوں کی صورت میں ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا ۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.