لیبر پارٹی کے امیدوار چوہدری طاہر علی کی بھرپور حمایت کا اعلان

 



چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر )برطانوی پارلیمنٹ کے جنرل الیکشن چار جولائی 2024ءکو منعقد ہو رہے ہیں اس سلسلہ میں فرینڈز آف چکوال برمنگھم کی طرف سے برطانیہ کے عام انتخابات میں لیبر پارٹی کے نامزد امیدوار چوہدری طاہر علی کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔چیئرمین فرینڈز آف چکوال چوہدری اظہر محمود ،صدر چوہدری عارف اقبال، جنرل سیکرٹری ملک فتح خان اور برمنگھم میں مقیم اہلیان چکوال کی بڑی تعداد نے شرکت کی اورلیبر پارٹی کے امیدوار چوہدری طاہر علی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور 4جولائی کوچوہدری طاہر علی کو ایک مرتبہ پھر کامیاب بنانے کی یقین دہانی کرائی۔برطانیہ میں اس وقت انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے ۔چار جولائی کو منعقد ہونے والے انتخابات میں بڑی تعداد میں پاکستانی آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔چوہدری طاہر علی کا مقابلہ بھی پاکستانی نژاد آزاد امیدواروں سے ہے۔ جبکہ دیگر پارٹیاں بھی لیبر پارٹی کے مدمقابل ہیں۔چوہدری طاہر علی گزشتہ پانچ سال بھی ایم پی برٹش پارلیمنٹ میں رہے اب دوسری مرتبہ لیبر پارٹی نے انہیں نیا امیدوار نامزد کیا ہے۔انتخابی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری طاہر علی نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مسئلے کا حل میری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔گزشتہ دور میں بھی ہم نے دونوں بڑے مسائل پر پارلیمنٹ کے اندر بھرپور آواز بلند کی اور کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حمایت کے لیے آئندہ بھی جدوجہد جاری رکھیں گے۔کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے ہر طریقے سے کردار ادا کرینگے۔چوہدری اظہر محمود چکرال نے چوہدری طاہر علی کی حمایت پر اہلیان چکوال کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چوہدری طاہر علی ہی ہمارے امیدوار ہیں ۔گزشتہ برٹش پارلیمنٹ کے انتخابات میں بھی ان کی حمایت کی تھی اب کی بار بھی انہیں کامیاب بنائیں گے۔ملک فتح خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت برطانیہ شدید معاشی دباﺅ کا شکار ہے ،موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے جان چھڑانا ضروری ہو گیا ہے۔ لیبر پارٹی کی پالیسیاں ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام لائیں گی۔انتخابی اجتماع سے ملک محمد حسین، راجہ ریاض اختر، چوہدری عارف اقبال اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.