اس سال بھی انجیر میلہ کا انعقاد امیر فارم ہاؤس نورپور سیتھی میں کیا گیا

 



چکوال (نامہ نگار ) ہر سال کی طرح اس سال بھی انجیر میلہ کا انعقاد امیر فارم ہاؤس نورپور سیتھی تحصیل کلرکہار میں انجیر پھل کے بارے میں فارمرز کی آگاہی اور منافع بخش پھل کی کاشت کا رجحان بڑھانے کے سلسلہ میں منعقد کیا گیا ۔ اس میلہ کا افتتاح صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک کے ہمراہ کیا ۔صوبائی وزیر خوراک نے قومی انجیر میلہ میں لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا اس موقع پر انہوں نے انجیر کی کاشت فروغ میں عوامی آگاہی کیلئے اس میلہ کا انعقاد خوش آئند قرار دیتے ہوئے آرگنائزر امیر عبدالقدیر اعوان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خطہ پوٹھوار میں ہائی ویلیو کراپس خصوصاََ پھلوں کی کامیاب کاشت کے وسیع امکانات موجود ہیں انہوں نے مزید کہا کہ انجیر کی کاشت بڑھانے کے لئے سرکاری و نجی شعبہ کا اشتراک انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انجیر فیسٹیول کا انعقاد ایک اچھا ترغیبی اقدام ہے جس کی بدولت فارمرز کو بھرپور آگاہی حاصل ہوگی۔انجیر غذائیت سے بھرپور پھل ہے اس کی کاشت کر کے کاشتکار بہتر آمدن حاصل کر سکتے ہیں اس پھل سے بہت ساری مصنوعات تیار کی جا رہی ہیں جس سے انجیر پھل کی بڑے پیمانے پر کاشت کو فروغ حاصل ہوگا اور کاشتکاروں کے معاشی استحکام میں بھی اضافہ ہوگا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.