ڈینگی سے بچاؤ کا واحد طریقہ حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ہے،ڈاکٹر محمد شہباز

 


چکوال ( نامہ نگار ) ورلڈ ڈینگی ڈے کے موقع پر ڈینگی کنٹرول ایکشن پلان کے سلسلہ میں عوامی آگاہی کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیرِ اہتمام خصوصی واک کا انعقاد کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقدہ اس واک کی قیادت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد شہباز نے کی محکمہ صحت کے افسران و سٹاف ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ، ریسکیو 1122 ، دیگر محکموں کے افسران و اہلکاران اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ آگاہی واک کے شرکاء نے ڈینگی کے خلاف احتیاطی تدابیر پر مبنی بینرز اٹھا رکھے تھے۔ واک کے اختتام پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد شہباز نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خلاف حفاظتی تدابیر کے بارے میں فراہم کی گئی آگاہی کی خود بھی پیروی کریں اور ڈینگی سے بچنے کا اہم قومی پیغام ضلع بھر میں گھر گھر بھی پہنچائیں تاکہ ایک ایک شہری ڈینگی کے خلاف مہم سے متعلق اپنی زمہ داریوں سے آگاہ ہو کر مجموعی کوششوں کا حصہ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کا واحد طریقہ حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی سے مکمل نجات کے لئے صاف ستھرا اور خشک ماحول بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری و نجی شعبہ کے دفاتر، سول سوسائٹی میں ہر گھر اور کاروباری مراکز سمیت تمام عوامی مقامات پر کسی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیا جائے تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو مؤثر طریق سے روکا جاسکے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.