ضلع چکوال کی سٹوڈنٹس کونسلز کی حلف برداری کی تقریبات منعقد کی گئیں

 


چکوال(نامہ نگار) حکومت پنجاب کے سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ سے موصولہ احکامات پر صوبہ بھر کی طرح ضلع چکوال کی تمام تحصیلوں میں بھی سٹوڈنٹس کونسلز کی حلف برداری کی تقریبات منعقد کی گئیں ۔ اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے دفتر سے بتایا گیا ہے کہ ضلعی سطح پر سٹوڈنٹس کونسلز کی تقریب حلف برداری گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 1 چکوال میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک بطورِ مہمان خصوصی شریک ہوئیں ۔ تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر عبدالوحید و دیگر ضلعی افسران اور اے سی چکوال ثمینہ بشیر نے بھی شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے نو منتخب سٹوڈنٹس کونسلز کے عہدیداران کو مبارکباد دی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے مذکورہ کونسلز کے منتخب عہدیداران سے کہا کہ کامل محنت و لگن سے تعلیم حاصل کرنا ان کا اولین نصب العین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب تعلیمی کیریئر عملی زندگی میں کامیابی کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے سٹوڈنٹس کونسلز کے منتخب عہدیداران کو تلقین کی کہ متعلقہ مادران علمی کا تقدس برقرار رکھنے ، نظم و ضبط اور نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اپنا حقیقی کردار ادا کریں ۔ ڈپٹی کمشنر نے اعلیٰ اخلاقی اقدار کی پاسداری اور احسن الکلامی کی عملی مثالیں قائم کر نے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور امید ظاہر کی کہ سٹوڈنٹس کونسلز کے منتخب عہدیداران اپنے سکولوں کی انتظامیہ کے دست و بازو بن کر کام کریں گے ۔ بعد ازاں سکولوں کی سٹوڈنٹس کونسلز کے نو منتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.