عید الاضحیٰ کے موقع پر ضلع چکوال و تلہ گنگ میں مربوط و مؤثر انتظامات کی حکمت عملی کے لیے اجلاس

 


چکوال (نامہ نگار ) عید الاضحیٰ کے موقع پر ضلع چکوال و تلہ گنگ میں مربوط و مؤثر انتظامات کے سلسلہ میں حکمتِ عملی مرتب کرنے کے لئے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک کے زیرِ صدارت منعقد ہوا ۔ اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ واحد محمود ، اے ڈی سی آر خاور بشیر ، اے ڈی سی جی بلال بن عبدالحفیظ اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے جبکہ میونسپل اداروں ، سول ڈیفنس ، پولیس ، لائیو سٹاک ، کیٹل مارکیٹ مینیجمنٹ کمپنی ، لوکل گورنمنٹ ، ریسکیو 1122 اور دیگر محکموں کے افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور متعلقہ دائرہ کار کے انتظامات کی تفصیل واضح کی ۔ ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ واحد محمود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے متبرک موقع پر ضلع چکوال و تلہ گنگ کی تمام عید گاہوں کے لئے سیکیورٹی فریم ورک مرتب کیا گیا ہے اور اس پر عمل درآمد کے لئے پولیس افسران و اہلکاران کی ذمہ داریوں کا تعین بھی کر دیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں عید الاضحیٰ کے لئے ٹریفک پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ کے ایام میں ایس او پیز کے مطابق ضلعی انتظامیہ و پولیس اور دیگر معاون محکموں کے اشتراک سے عمدہ انتظامات کی عملداری یقینی بنائی جائے گی ۔ میونسپل ادارے عید گاہوں کی عمدہ ترین صفائی اور قربانی والے مقامات پر بھی مکمل صفائی کے لئے ہمہ وقت متحرک رہیں گے ۔ انہوں کہا کہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت صرف منظور شدہ مویشی منڈیوں اور مقررہ سیل پوائنٹس پر ہو سکے گی اور محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ ضلع چکوال و تلہ گنگ کی منڈیوں اور داخلی و خارجی راستوں پر جانوروں کے اینٹی ٹکس سپرے کو یقینی بنائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کیٹل مارکیٹ منیجمنٹ کمپنی کے زیر انتظام مویشی منڈیاں مین روڈز سے ہٹ کر کھلی جگہوں پر لگائی جائیں تاکہ ٹریفک کے بہاؤ میں خلل نہ آئے اور پارکنگ کے بھی مناسب انتظامات کئے جاسکیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی سیل پوائنٹس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت غیر قانونی سیل پوائنٹس پر مکمل پابندی ہوگی ۔ شہری و دیہی علاقوں میں میونسپل کمیٹیوں اور ضلع کونسل کے خصوصی صفائی سکواڈز کو متحرک رہیں گے جو قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت ٹھکانے لگا کر صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کے ذمہ دار ہوں گے ۔ اجلاس میں تجویز کیا گیا کہ ضلع چکوال و تلہ گنگ میں قربانی کرنے والے شہری سرکاری مذبحہ خانوں (سلاٹر ہاؤسز) سے جانور ذبح کرانے کو ترجیح دیں تاکہ میونسپل اداروں کا عملہ بلا تاخیر صفائی کے انتظامات یقینی بنا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر سری پائے جلانے ، ڈیمز اور دیگر آبی ذخائر میں نہانے اور تفریحی مقامات پر مکینیکل رائیڈز پر پابندی ہوگی اور اس ضمن میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو عید الاضحیٰ کے لئے ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کا کنٹنجینسی پلان تیار کر نے کے احکامات جاری کئے گئے #


..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.