قربانی کی کھالیں صرف مجاز افراد ، ادارے کو دی جاسکتی ہیں

 


چکوال(نامہ نگار) حکومت پنجاب کی طرف سے عیدالاضحیٰ 2024ء کے موقع پر قربان ہونے والے جانوروں کی کھالیں بغیر اجازت مجاز اتھارٹی جو کہ ڈپٹی کمشنر چکوال ہیں اکٹھی کرنے ، حاصل کرنے اور خریدنے یا غیر مجاز افراد اور ادارے کو فروخت کرنے پر پابندی ہے۔ علاوہ ازیں ممنوعہ کالعدم تنظیموں ، اداروں اور فورتھ شیڈولرز پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر بھی پابندی عائد ہے لہٰذا اس ضمن میں اطلاع عام دی جاتی ہے کہ قربانی کی کھالیں صرف مجاز افراد ، ادارے کو دی جاسکتی ہیں ۔ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے یا خریدنے کے لئے اجازت نامہ ( NOC) حاصل کرنے کے لئے تحریری درخواست ضلع چکوال اور ضلع تلہ گنگ میں متعلقہ دفتر اسسٹنٹ کمشنر کو 25 ذیقعد مورخہ 03 جون 2024 بروز سوموار تک دی جاسکتی ہے ۔ درخواست برائے حصول اجازت نامہ (NOC) کے ہمراہ ضروری کوائف شامل کرنا لازمی ہوگا جن میں عیدالاضحیٰ 2023ء کے حاصل کردہ اجازت نامہ (NOC) برائے اکٹھی کرنے قربانی کی کھالیں) کی عکسی نقل ، اگر کسی مدرسے ادارے وغیرہ کی طرف سے کھالیں اکٹھی کرنی ہوں تو اس مدرسے/ ادارے کی تجدید شدہ ( RENEWED ) رجسٹریشن کی مصدقہ نقل اور اس بابت مقرر کردہ نمائندوں کے پاس مدرسے / ادارے کی طرف سے اجازت نامہ ، فورتھ شیڈولرز کو قربانی کے جانوروں کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ۔ کھالیں خریدنے والے کا ( NTN) نیشنل ٹیکس نمبر ، کھالیں خریدنے والے کا بنک اکاؤنٹ ، بنک برانچ کا نام ، کھالیں خریدنے والے کا نام و پتہ شناختی کارڈ ( جس کو کھالیں فروخت ہوں گی) اگر ایک سے زیادہ ہوں تو سب کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا ۔ کھالیں اکٹھی کر کے جمع کرنے کا مقام ( جو کہ چار دیواری کے اندر ہوگا ) کا پتہ و ثبوت ملکیت ، بیان حلفی منجانب درخواست دہندہ بابت قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے لئے یا خرید وفروخت کے لئے ، درخواست دہندہ کے شناختی کارڈ کی مصدقہ نقل ۔ یاد رہے کہ مقررہ تاریخ ( 25 ذیقعد مورخہ 03 جون 2024 بروز سوموار) کے بعد قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی بابت درخواست وصول نہیں کی جائے گی ۔ ضلعی انتظامیہ کے اطلاعی نوٹس میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ حکومت کی پالیسی و احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور بغیر اجازت کسی کو کھالیں اکٹھی کرنے و خریداری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ خلاف ورزی کی صورت میں پکڑے جانے والے افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی جس کے لئے ہر تحصیل میں مختلف ٹیمیں چھاپے مارنےاور کارروائی کرنے کے لئے مقرر ہیں۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.