پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے زیر اہتمام اجتماع منعقد ہوا

 


ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی) اپیکس ہال ہرڑ ڈھڈیال میں منعقد ہوا جس میں سابق فوجیوں کو درپیش مسائل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ابتدائیہ کلمات میں برگیڈیر(نیوی) ارشد محمود خان, مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے کہا سوسائٹی سابق فوجیوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے مختلف فورمز پر اپنی آواز بلند کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ آرمڈ سروسز سولجر بورڈ راجہ سخاوت حسین نے فوجیوں کی بہتری کے لیے کئے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔چیئر مین الفلاح فاونڈیشن برگیڈیر ظفر اقبال نے شہیدوں کے بچوں کے لیے کئے گئے اقدامات اور اپنے دیگر منصوبوں پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی فاؤنڈیشن نے تعلیم اور صحت کے متعدد منصوبوں کو مکمل کیا ہے اور شہداء کی فیملیز اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔مس نرگس ملک اعوان چیف آپریٹنگ آفیسر ادارہ آف جنرل محمدافضل جنجوعہ نے سابقہ فوجیوں اور ان کے لواحقین کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تربیتی کورسز اکیڈمی اور دیگر سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔عزیز اعوان میڈیا کوآرڈینیٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم کی سوسائٹی کی صدارت سنبھالنے کے بعد سوسائٹی مزید فعال ہوئی ہے اور سابق فوجیوں کے مسائل کے حل کے لئے ایک مؤثر آواز بلند کی جارہی ہے ۔ شکیل افضل منھاس چیف ایگزیکٹو آفیسر عسکریہ اکیڈمی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ 2004 سے ضلع چکوال میں نیوی کے غازیوں اور شہیدوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں اور اب پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے ہم مزید فعال کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے سابق فوجی ایک مؤثر قوت ہیں اور اسے مذید منظم کرکے ان کا وقار بلند کیا جائے گا ۔سابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل راجہ ضمیرالدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ ضلع چکوال میں صحت کی انتہائی ناکافی سہولیات ہیں۔یہاں سے لاکھوں فوجیوں نے اپنے ملک کے لیے خدمات سر انجام دی ہیں لیکن اب بھی مریضوں کو راولپنڈی کے جانا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چکوال میں ایک مکمل فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں اور ملک دشمن عناصر کے عزائم ہمیشہ کی طرح ناکام ہوں گے۔پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم نے کہا کہ شہیدوں کی بیوگان و لواحقین اور غازیوں کو اس وقت بے پناہ مشکلات درپیش ہیں جن کے حل کے لیے ہم متعلقہ فورمز سے رجوع کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدارت سنبھالنے کے بعد وہ ملک بھر کا دورہ کر رہے ہیں جن کا مقصد شہدا کی خاندانوں کے مسائل جاننا اور ان کے حل کے لئے اقدامات کرنا ہے۔انہوں نے کہ موجودہ حالات میں سابق فوجیوں کو دی جانے والی پنشن اور دیگر مراعات ناکافی ہیں ان کا نئے سرے سے جائزہ لے کر ان میں اضافہ کیا جائے تاکہ وہ مالی مشکلات سے نجات پا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی ایک غیر سیاسی پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد شہدا، غازیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کو حل کرنا ہے ۔ لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم نے کہاکہ ملک کی ترقی کے لیے سیاسی استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے۔اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا تاکہ ہم مسائل کی گرداب سے نکل سکیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو مسلح افواج کے خلاف سرگرم قوتوں کو ناکام بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہم مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔وائس ایڈمرل عبدالعلیم سینئر وائس پریذیڈنٹ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے یقین دھانی کرائی کہ سوسائٹی سابق فوجیوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرئے گی۔اجتماع میں سابق فوجیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اختتام پر سابق فوجیوں کے اعزاز میں پر تکلف ظہرانہ دیا گیا ۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.