چکوال میں پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام مقابلہ موسیقی کا انعقاد

 


چکوال (نامہ نگار)پنجاب آرٹس کونسل کے زیرِ اہتمام یہاں ضلع کونسل ہال میں مقابلہ موسیقی کا انقعاد کیا گیا ۔ مقابلہ میں چکوال بھرسے درجنوں کی تعداد میں اُمیدوار شریک ہوئے۔ مقابلہ موسیقی کی تقریب تقسیمِ انعامات کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو چکوال خاور بشیر احمد تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹرآرٹس کونسل سجاد حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد سلیمان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد توحید اور اسسٹنٹ ایڈمن آفیسر محمد فرحان بھی مہمان خصوصی کے ہمراہ تھے ۔ مہمان خصوصی خاور بشیر احمد نے مقابلے کے اُمیدواروں سے خطاب میں کہا کہ پنجاب آرٹس کونسل چکوال میں مقابلہ موسیقی کا انعقاد خوش آئند ہے ۔ چکوال کے نوجوان فن موسیقی میں اپنا ثانی نہیں رکھتے جنہوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔آخر میں مہمان خصوصی نے یقین دلایا کہ فن و ثقافت کی ترویج کے لیے ضلعی انتظامیہ ہمیشہ پنجاب آرٹس کونسل کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خاور بشیر احمد ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون کے لئے شکر گزار ہیں۔ موسیقی انسان کے اندر علمی مہارت ، تخلیقی صلاحیت اور جذبات کو تشکیل دیتی ہے۔ موسیقی انسان کے شعور میں وسعت پیدا کرتی ہے یہ جمالیاتی احساس اور امن کو فروغ دیتی ہے یہ معاشرے کی بانجھ سوچ کو اپنے سروں کے لمس سے سیراب کرتی ہے ۔ چکوال میں ہونے والے مقابلہ موسیقی میں مشعل ملک نے پہلی ، شجاع حیدر نے دوسری جبکہ مہک علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ مقابلہ میں افضال لطیفی، نوازش علی حضروی اور روبینہ خانم نے منصفین کے فرائض سر انجام دیئے ۔پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں بالترتیب 10، 20،15 ہزار روپے کے انعامات تقسیم کئے گئے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.