پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کے باوجود لوکل روٹس پر کرایے کم نہ ہوسکے۔



 ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی) ضلع چکوال میں پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کے باوجود لوکل روٹس پر کرایے کم نہ ہوسکے۔ ٹرانسپورٹرز کی من مانیاں جاری،ابھی تک ان کے خلاف مؤثر کاروائی نہ ہو سکی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام توقع کر رہی تھی کہ اس سے انہیں بڑا ریلیف ملے گا لیکن ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے نیا کرایہ نامہ جاری کیے جانے کے بعد بڑے روٹس پر کرایے کم کر دیئے گئے ہیں لیکن لوکل روٹس پر مقررہ شرح سے زائد کراہے وصول کئےجا رہے ہیں۔جس پر عوام میں سخت برہمی پائی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق چکوال سے ڈھاب پڑی، امیر پور منگن، کوٹلے،ڈھڈیال سے ڈورے ، چوہان ، ہسولہ، ڈھوڈہ سمیت تحصیل چکوال ،چوآسیدن شاہ کے تمام لوکل روٹس پر مقررہ شرح سے کئی گنا زیادہ کرایے وصول کیے جارہے ہیں لیکن ان ٹرانسپورٹرز کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ لوکل روٹس پر کرایوں میں کمی کے لیے انتظامیہ ایک بھرپور آپریشن کرنا ہوگا تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے فوائد عوام تک پہنچ سکیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر چکوال اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران سے مطالبہ کیا کہ لوکل روٹس پر کرایوں میں کمی نہ کرنے کا فوری نوٹس لیا جائے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.