سستی روٹی پروگرام کے تحت روزانہ بنیاد پر روٹی اور نان کی فراہمی یقینی بنائی جائے،قراۃ العین ملک
چکوال(نامہ نگار) حکومت پنجاب کے سستی روٹی پروگرام پر عمل درآمد کے جائزہ کے لیے ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے اے سی چکوال کے ہمراہ ڈھڈیال اور چکوال شہر میں بھون روڈ اور تلہ گنگ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں اچانک انسپکشن کر کے ہوٹلوں اور تندوروں پر روٹی اور نان کے اوزان اور نرخوں کو چیک کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے چیکنگ کے دوران موقع پر موجود صارفین سے روٹی اور نان کے نرخ اور وزن کے بارے میں دریافت کیا جس پر انہیں بتایا گیا کہ سستی روٹی پروگرام کے سلسلہ میں انہیں تندوروں سے روٹی اور نان حکومت پنجاب کے مقرر کردہ وزن اور نرخ کے مطابق میسر ہیں تاہم انہوں نے لوگوں سے کہا کہ ہوٹل اور تندور مالکان کی طرف سے روٹی اور نان کے وزن میں کمی اور مقررہ نرخ سے زائد قیمت کی وصولی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم میں ٹیلی فون نمبر 0543660250 پر فوری اطلاع دی جائے تاکہ قصورواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے ہوٹلوں اور تندوروں پر سستی روٹی پروگرام کے آگاہی بینرز بھی چیک کیے۔ انہوں نے چیکنگ کے دوران ہوٹل و تندور مالکان کو تاکید کی کہ سستی روٹی پروگرام کے تحت عوام الناس کو روزانہ بنیاد پر روٹی اور نان کی فراہمی حکومت پنجاب کے مقرر کردہ وزن اور نرخ کے مطابق یقینی بنائی جائے۔
کوئی تبصرے نہیں