مستحق افراد کو عطیات کی فراہمی قابل تحسین اقدام ہے،چوہدری سلطان شہریار


چکوال( ڈسٹرکٹ رپورٹر)معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر شوکت علی نے اپنے والد مرحوم ماضی کی معروف تعلیمی شخصیت پروفیسر ممتاز علی کے ایصال ثواب کے لیے پانچ لاکھ روپے کی خطیر رقم مستحق غریب افراد اور بیوہ خواتین میں تقسیم کی۔اس ضمن میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب پریس کلب چکوال میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی انچارج ایم پی اے سیکرٹریٹ چوہدری سلطان شہریارتھے جبکہ سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری سجاد احمد خان نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر شوکت علی نے اپنے بھائی محمود علی اور بھتیجوں ہارون علی ،فرقان علی اور فرحان علی کی طرف سے پانچ لاکھ روپے کی خطیر رقم غربا اور مساکین میں تقسیم کی۔ اور انہیں رمضان المبارک کی خوشیوں میں شریک کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری سلطان شہریار نے کہا کہ مستحق افراد کو عطیات کی فراہمی قابل تحسین اقدام ہے اور مہنگائی کے اس دور میں مستحق افراد کو اپنے ساتھ خوشیوں میں شامل کرنا بہت بڑی عبادت بھی ہے۔انہوںنے کہا کہ اس معاملہ پر وہ ڈاکٹر شوکت علی اور ان کے خاندان کے کردار کی تعریف کرتے ہیں اور ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔چوہدری سلطان شہریار کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت بدترین معاشی صورتحال کا شکار ہے مسلم لیگ ن کی حکومت کو مسائل چیلنج کی شکل میں ملے ہیں اور بہت جلد ان چیلنجز سے نبرد آزما ہوتے ہوئے مسائل پر قابو پا لیا جائے گا۔قبل ازیں بھی مسلم لیگ ن کو جب بھی حکومت ملی ملک اندھیروںمیں ڈوپ چکا ہوتا تھا۔میاں نواز شریف نے 2013سے2018تک ملک کو اندھیروں سے نکالا۔ اس وقت جو سب سے بڑا چیلنج ملک کو درپیش ہے وہ معاشی صورتحال ہے اور مسلم لیگ ن کی حکومت ملک کو معاشی صورتحال سے نکال کر دم لے گی۔قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ ان کے والد مرحوم پروفیسرممتاز کے ایصال ثواب کے لیے ان کے بھائی اور ان کا خاندان گزشتہ ایک عرصہ سے اللہ کی رضاءکے حصول کے لیے مستحق افراد میں فنڈز تقسیم کر رہا ہے اور ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو پہلی ترجیح دیں۔بیواﺅں ،یتیموں ،مساکین اور دیگر مستحقین کو ہر سال لاکھوں روپے تقسیم کیے جاتے ہیں تقریب سے چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ممتاز علی مرحوم نے 102سال کی عمر پائی اور وہ آخری وقت تک علم کے فروغ کے لیے کوشاں رہے۔چکوال کی شرح خواندگی میں اضافہ میں پروفیسر ممتاز کا مرکزی کردار ہے۔تقریب سے ریجنل یونین آف جرنلسٹس شمالی پنجاب کے جنرل سیکرٹری عبدالغفور منہاس نے بھی خطاب کیا اورمستحق افراد کورمضان المبارک کی خوشیوں میں شریک کرنے پر ڈاکٹر شوکت علی ،ان کے بھائی محمود علی اور دیگر خاندان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شوکت علی کے بھائی محمود علی اپنے بچوں کے ہمراہ بیرون ملک میں مقیم ہیں اور گزشتہ کئی سالوں سے مستحق افراد، یتیموں، بیواﺅں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کا ذمہ اٹھائے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر شوکت علی اپنے بھائی کی نمائندگی کرتے ہوئے امدادی رقوم اپنے ہاتھوں سے مستحقین میں تقسیم کرتے ہیں۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.