محکمہ تعلیم پنجاب کی نا اہلی اور ناقص پالیسیوں سے سرکاری تعلیمی ادارے تنزلی کا شکار

 



ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی ) محکمہ تعلیم پنجاب کی نا اہلی اور ناقص پالیسیوں سے سرکاری تعلیمی ادارے تنزلی کا شکار، بھاری بھرکم تنخواہیں لینے والے اساتذہ خود تعلیمی اداروں کی تباہی کے ذمہ دار، فوری اصلاحات نہ ہوئیں تو انجام پی آئی اے ، پاکستان ریلویز اور پاکستان اسٹیل جیسا ہی ہوگا۔ سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ کے بچے بڑے پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ وہ خود سرکاری خزانے سے بھاری بھرکم تنخواہیں وصول کررہے ہیں۔محکمہ تعلیم پنجاب کی نااہلی اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے سرکاری تعلیمی اداروں طلباء وطالبات سے خالی ہو رہے ہیں۔ اس وقت سرکاری تعلیمی اداروں ایسے اساتذہ کی اکثریت ہے جو موجودہ نصاب پڑھانے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے۔ سرکاری اساتذہ نے نہ صرف اپنے پرائیویٹ سکولز کالجز بنا رکھے ہیں بلکہ وہ ٹیوشن مافیا کی بھی سرپرستی کررہے ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جارہی۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر یہی صورتحال رہی تو غریب عوام کے بچوں کو سرکاری سکولوں میں تعلیم سے بھی محروم ہونا پڑے گا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سکول ایجوکیشن میں اصلاحات لانے کے لئے انقلابی اقدامات کریں اور سرکاری اساتذہ کے بچوں کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے پر فوری پابندی لگا کر غریب عوام کو سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے نئی پالیساں متعارف کرائی جائیں تاکہ غریب عوام سمیت عام آدمی کے بچے بھی سرکاری تعلیمی اداروں کا رخ کر سکیں۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.