مفت راشن تقسیم کا عمل پانچ مارچ سے شروع کیا جا رہا ہے،قراۃ العین ملک

 


چکوال ،  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر حکومتِ پنجاب کے سپیشل رمضان پیکج کے تحت ضلع چکوال و تلہ گنگ کے 68 ہزار سے زائد مستحق خاندانوں کو ان کی دہلیز پر مفت راشن تقسیم کے انتظامات ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں مکمل کر لیے گئے ہیں اورمستحقین میں مفت راشن تقسیم کا عمل پانچ مارچ سے شروع کیا جا رہا ہے ۔ اس امر کا انکشاف ڈپٹی کمشنر چکوال و تلہ گنگ قراۃ العین ملک نے تلہ گنگ میں مفت راشن کی کوالٹی اور پیکنگ کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق مستحق خاندانوں کو مفت راشن کی فراہمی میں میرٹ اور شفافیت کو کڑی نگرانی کے تحت برقرار رکھا جائے گا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ ،  محکمہ خوراک ، انڈسٹریز اور پنجاب فوڈ اتھارٹی سمیت متعلقہ شعبوں کے افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بات چیت کرتے ہوئے مزید بتایا کہ مفت راشن بیگز آٹا ، گھی ، چینی ، چاول اور بیسن پر مشتمل ہوں گے جس کی بدولت مستحق خاندانوں کو قابلِ ذکر ریلیف میسر آئے  گا ۔ انہوں نے کہا کہ راشن بیگز کی تیاری کے دوران متعلقہ افسران اشیائے خورد و نوش کے  معیار پر کڑی نظر رکھیں گے جس کے لئے انہیں پہلے ہی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں #

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.