چکوال (نامہ نگار) انسدادِ پولیو کی قومی مہم کے تحت سال رواں کا دوسرا پانچ روزہ این آئی ڈیز راؤنڈ 26 فروری سے یکم مارچ 2024 ء تک مکمل کیا جائے گا جس کے دوران ضلع چکوال و تلہ گنگ میں پانچ سال تک عمر کے 257229 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے لئے حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک کے زیرِ صدارت منعقدہ ضلعی انسدادِ پولیو کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی طرف سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیو کے خلاف اس پانچ روزہ راؤنڈ کے لئے ویکسی نیشن ٹیموں اور سپروائزری افسران کی تعیناتی و تربیت سمیت جملہ انتظامی امور تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 1685 موبائل ، ہسپتالوں اور مراکز صحت میں 96 فکسڈ اور پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں پر 36 ٹرانزٹ ٹیمیں پانچ سال تک عمر کے بچوں کو پولیو کے خلاف حفاظتی ویکسین کے قطرے پلانے پر مامور ہوں گی ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے آئندہ راؤنڈ کے لئے ویکسی نیشن پلان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خلاف حفاظتی ویکسین کے" دو قطرے ، ہر بچہ ہر بار" کا اصول بچوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر بچوں کے والدین کے لئے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کے عظیم تر مفاد میں محکمہ صحت کی ٹیموں سے مکمل تعاون کیا جائے اور پانچ سال تک عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلوانے کی انتہائی اہم ذمہ داری پوری کی جائے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.