چک نورنگ:تمام برادریوں نے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کرکے الیکشن یکطرفہ بنا دیا

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر )چک نورنگ کی تمام برادریوں نے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر کے الیکشن یکطرفہ بنا دیا۔ سرکردہ شخصیات کا میجر(ر) طاہر اقبال اور چوہدری سلطان حیدر علی خان کو کامیاب بنانے کا اعلان،تاریخی جلسے نے صورتحال واضح کر دی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری اعجاز حسین منہاس کی زیر سرپرستی چک نورنگ میں انتخابی اجتماع منعقد ہوا جو بڑے جلسے کی شکل اختیارکر گیا۔گاﺅں کی تمام برادریوں مائرز منہاس برادری، مغل برادری ،مغل کسر برادری، گوندل برادری، بھٹی برادری، اعوان برادری، راجپوت بھٹی برادری، جٹ پنجوتھا برادری اور دیگر برادریوں نے میجر(ر) طاہر اقبال اور چوہدری سلطان حیدر علی خان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے 8فروری کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا اعلان کیا۔انتخابی جلسے کا اہتمام چوہدری اعجاز حسین منہاس نے کیا۔ حلقہ این اے58سے امیدوار میجر(ر) طاہر اقبال اور حلقہ پی پی20سے امیدوار چوہدری سلطان حیدر علی خان جلسہ میں شرکت کے لیے چک نورنگ پہنچے تو چوہدری اعجاز حسین منہاس کی زیر قیادت ریلی کی شکل میں انہیں جلسہ گاہ لے جایا گیا۔ جہاں پر اہلیان چک نورنگ نے دونوں امیدواروں کا فقید المثال استقبال کیا۔میجر(ر) طاہر اقبال اور چوہدری سلطان حیدر علی خان نے حمایت کے اعلان پر برادریوں کے سربراہان اور سرکردہ شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں امیدواروں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8فروری کو عوام تعمیر و ترقی کے لےے شیر پر مہر لگائیں۔ دونوں رہنماﺅں نے کہا کہ مسلم لیگ ن تعمیر و ترقی کی ضامن ہے اور 8فروری کو ضلع بھر کی تمام 6نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے چھکا لگائے گی۔ قبل ازیں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری اعجاز حسین منہاس اور چوہدری شیراز امین نے کہا کہ 8فروری کو چک نورنگ کی عوام مسلم لیگی امیدواروں کو بھاری اور تاریخی لیڈ سے کامیاب بنائے گی۔دونوں رہنماﺅں نے کہاکہ اس وقت این اے58میں میجر(ر) طاہر اقبال اور پی پی20میں چوہدری سلطان حیدر علی خان کے سوا کوئی بھی امیدوار اس قابل نہیں کہ وہ عوامی نمائندہ بن سکے۔ مسلم لیگ ن عوام کی تعمیر و ترقی کے لیے پہلے بھی کام کرتی رہی ہے یہی وجہ ہے کہ پورے گاﺅں کی تمام برادریاں اس کی حمایت کر رہی ہیں۔



..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.