دکھی انسانیت کی خدمت چوہدری اظہر چکرال کے خاندان کے حصے میں آئی


چکوال(ڈسڑکٹ رپورٹر) دکھی انسانیت کی خدمت چیئرمین فرینڈز آف چکوال چوہدری اظہر محمود چکرال کے خاندان کے حصے میں آئی ہے۔ چوہدری اظہر محمود چکرال کا خاندان گزشتہ نصف صدی سے دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔سابق صدر جنرل ضیاءالحق کے دور حکومت میں 1979-80میں چوہدری اظہر محمود چکرال کے والد چوہدری نور خان چکرال نے اس وقت کے گورنر پنجاب سوار خان سے ملاقات کر کے اپنے گاﺅں چکرال کی عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بنیادی مرکز صحت کی نہ صرف منظوری کروائی بلکہ تعمیر کے لیے ایک لاکھ روپے کا عطیہ دینے کے ساتھ ساتھ22کنال اراضی بھی ذاتی طور پر وقف کی تھی۔گورنمنٹ بوائزہائی سکول نمبر1چکوال سے 1975ءمیں میٹرک کا امتحان اعلیٰ نمبروں سے پاس کرنے کے بعد چوہدری اظہرمحمود چکرال اپنے والد کے ہمراہ کاروبار کے سلسلے میں کراچی چلے گئے تھے جہاں دو سال تک کاروبار کی دیکھ بھال کی اور 1977 ءمیں اپنے بڑے بھائی چوہدری گل محمد چکرال کے ساتھ برطانیہ گئے جہاں انہوںنے دوبارہ میٹرک اور ایف ایس سی کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور 1982ءمیں برطانیہ سے واپس کراچی آئے۔ سات سال کراچی میں رہنے کے بعد1989ءمیں واپس برطانیہ جا کر برمنگھم مقیم ہو گئے اور اپنا کاروبار شروع کیا ۔1995-96ءمیں فرینڈز آف چکوال کے نام سے تنظیم کا سنگ بنیاد رکھا ،قبل ازیں1990ءمیں اپنے علاقے چکرال آئے جہاں انہوںنے پہلے فری میڈیکل کیمپ کا آغازکیا اور پھرمسلسل آج تک ہر سال فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔منور میموریل ہسپتال کی ٹیم ہر سال چکرال آ کر آنکھوں کے مریضوں کے نہ صرف مفت آپریشن بلکہ عینکیں اور ادویات بھی فراہم کرتے ہیں۔منور میموریل ہسپتال کے بانی ڈاکٹر سجاد جو کہ بھون کے رہائشی ہےں برمنگھم میں ہی مقیم ہیںاور ان کے چوہدری اظہر محمود چکرال کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں۔چوہدری اظہر محمود چکرال نے1999ءمیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں پہلی مرتبہ تالو کٹے بچوں کے آپریشن کے لیے میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ برطانیہ سے پلاسٹک سرجری کرنے والے چار سرجن ڈاکٹرزاور چار نرسز چوہدری اظہر محمود چکرال کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال آئے تو پہلے ہی روز 350تالو کٹے بچوں کی رجسٹریشن ہوئی۔ جن کے باقاعدہ آپریشن کیے گئے اورا نہیں ادویات وغیرہ فراہم کی گئیں۔ چوہدری اظہر محمود چکرال فرینڈز آف چکوال کے پلیٹ فارم اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے تعاون سے بھی فلاحی کاموں میں ہر ممکن کردار ادا کر رہے ہیں۔2005ءکے زلزلے کے بعد زلزلہ متاثرین کے لیے 5ہزار خیمے اور4ایمبولینس گاڑیاں فراہم کیں اور 50متاثرہ خاندانوں کے لیے کھانے پینے کا انتظام کیا۔ ملتان ،رحیم یار خان، فورٹ عباس اور دیگر کئی ایسے دیہی پسماندہ علاقوں میں فلٹریشن پلانٹ نصب کیے جہاں پینے کا صاف پانی میسر نہیں تھا۔انہوں نے اب تک 40سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کیے ہیں۔2000لٹر تک کے ایک واٹر پلانٹ پر 10لاکھ روپے سے زائد کی لاگت آتی ہے جس کی تنصیب کے بعد چلانے کی ذمہ داری اہل علاقہ کی ہوتی ہے۔چکرال میں گرلز اور بوائز سکولوں کے سو سے زائد طلباءو طالبات کو ہر سال چوہدری اظہر چکرال کی طرف سے یونیفارم ،سپورٹس شوز، کتابیں، کاپیاں اور فیسیں مہیا کی جاتی ہےں۔چکرال میں ہسپتال، قبرستان اورعبادت گاہوں کے لیے بھی ہرممکن تعاون کیا جاتاہے۔چوہدری اظہر محمود چکرال کی دعوت پر2001ءمیں وزیراعظم برطانیہ ٹونی بلیئر کے مشیر ہیلتھ اینڈ سیفٹی چوہدری رشید ساہیوال دوستوں کے ہمراہ برطانیہ سے 15فائر انجن اور15ایمبولینس گاڑیاں لے کر پاکستان آئے اور ڈائریکٹر سول ڈیفنس کو پیشکش کی کہ وہ لاہور سے راولپنڈی تک 15ریسکیو سنٹرز قائم کرکے محکمہ شہری دفاع کے حوالے کرنا چاہتے ہیں لیکن 2002ءکے عام انتخابات میں چوہدری پرویز الٰہی وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے تو ریسکیوکے مذکورہ منصوبے کو حکومت پنجاب نے عملی جامہ پہنایا اور ریسکیو1122کا قیام عمل میں لایاگیا۔چوہدری اظہر محمود چکرال نے برطانیہ سے ریسکیو1122کے لیے سب سے پہلے 5ہزار یونیفارم بھیجے جبکہ ریسکیو1122کے افسران اور اہلکاروں کی ٹریننگ کے لیے برطانیہ سے ماسٹرٹرینرز کو پاکستان لے کر آئے جنہوں نے ریسکیو1122کے افسران اورا ہلکاروں کو ٹریننگ دی اور چوہدری اظہر محمود چکرال کی محنتوں کا ثمر آج ریسکیو1122پنجاب کا سب سے بڑا ادارہ بن کر سامنے آیاہے۔ یہ وہ ادارہ ہے جو حادثات اور قدرتی آفات میں ہر وقت عوام کا مددگار ہوتاہے ۔چوہدری اظہر محمود چکرال نے بلدیہ چکوال کے لیے جدید ترین فائر انجن /فائر بریگیڈ فراہم کیا جس میں امریکہ اور برطانیہ جیسے ممالک کی فائر بریگیڈ گاڑیوں میں موجود تمام سہولیات موجود تھیں جو آج بھی میونسپل کمیٹی چکوال کے اندر موجود ہے مگر بدقسمتی سے حکومت اور انتظامیہ و میونسپل کمیٹی کی غفلت، عدم توجہی اور لاپرواہی کی وجہ سے کھٹارہ میں تبدیل ہو چکا ہے۔چوہدری اظہر محمود چکرال اور ان کے خاندان کی سماج کے لیے خدمات پر جتنا بھی لکھا جائے کم ہے۔ضلع چکوال کی عوام چوہدری اظہر محمود چکرال کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.