مزدلفہ ٹاﺅن میں ایک ہی خاندان کے 6افراد کے قتل کا مقدمہ درج کر لیاگیا

 




چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر )چکوال بھون روڈ پر مزدلفہ ٹاﺅن میں ایک ہی خاندان کے 6افراد کے قتل کا مقدمہ تھانہ سٹی چکوال میں درج کر لیاگیا۔ مقدمہ مقتول شفقت سلیم کے چھوٹے بھائی شفاعت سلیم کی تحریری درخواست کی روشنی میں درج کیاگیا۔ ایف آئی آر کے مطابق محمد شفقت سلیم نے اپنی بیوی 55سالہ شائستہ عنبرین ،بیٹی 16سالہ سائرہ عنبرین اور تین بیٹوں 14سالہ شاہوار شفقت، 13سالہ محمد واثق شفقت اور7سالہ حماد مصطفی کو فائرنگ کر کے اس وقت قتل کیا جب وہ گہری نیند سو رہے تھے۔ سفاک شفقت سلیم نے اپنی بیوی اور چار معصوم بچوں کو ابدی نیند سلا دیا اور پھر 15پر کال کی کہ اس نے اپنے بیوی بچوں کو قتل کر دیا ہے۔اور بعد ازاں اپنے اوپر بھی فائرنگ کر کے گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ پولیس موقعہ پر پہنچی اور مدعی کے ساتھ گھر کی دیواریں پھلانگ کر اندر داخل ہوئے تو 6 لاشیں خون میں لت پت پڑی ہوئی تھیں۔ شفاعت سلیم کا کہنا ہے کہ اس کا بھائی شفقت سلیم ایک سال قبل ائیر فورس سے ریٹائرڈ ہوا اور اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر ہوا۔ مقتول نفسیاتی طور پر کچھ عرصہ سے پریشان تھا۔ اے ایس آئی محمد سفیر نے شفاعت سلیم کے بیان کی روشنی میں 6افراد کے قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق ایک مقتول بچے کو تین جبکہ دیگربچوںاور ان کی والدہ کو دو دو گولیاں لگیں،مقتول شفقت سلیم نے اپنے آپ کو بھی دو گولیاں ماریں۔ دریں اثناءقتل ہونے والے 6افراد کی نمازجنازہ مقامی قبرستان میں ادا کی گئی ۔تین علیحدہ علیحدہ جنازے کروائے گئے اور بعد ازاں انہیں سپردخاک کر دیا گیا۔ایک ہی گھر سے 6جنازے اٹھے تو کہرام مچ گیا۔ہر آنکھ اشکبار تھی اور علاقہ کے مکین گہرے دکھ کا اظہار کر رہے تھے۔مذکورہ واقعہ ضلع چکوال کی تاریخ کا افسوسناک ترین واقعہ ہے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.