ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے آگاہی سیمینار یونیورسٹی آف چکوال میں منعقد کیا گیا

 

چکوال ( ڈسڑکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس اور ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے اشتراک سے ایک آگاہی سیمینار یونیورسٹی آف چکوال میں منعقد کیا گیا ۔ ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے " نوجوانوں کے ذریعے عوام کی جمہوری تعلیم" کے زیرِ عنوان منعقدہ اس سیمینار میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر توقیر اقبال مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس کے اہلکاران ، ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے اراکین ، یونیورسٹی آف چکوال کے اسسٹنٹ رجسٹرار منان ظفر ، فیکلٹی ممبرز اور طلباء و طالبات نے سیمینار میں شرکت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ووٹ کی اہمیت اور آئندہ عام انتخابات میں ہر اہل ووٹر کی انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے ضمن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کا پیغام ضلع چکوال و تلہ گنگ کے طول و عرض میں پہنچایا جائے گا ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر توقیر اقبال نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی گائیڈ لائن پر ضلع چکوال و تلہ گنگ میں آٹھ فروری کے عام انتخابات کے لئے تیز رفتار انتظامات مربوط انداز میں کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ قومی امانت ہے جس کے پیشِ نظر ووٹ دینا ہر اہل ووٹر کا قومی فریضہ ہے اور اس فریضہ کی تکمیل حق رائے دہی کے آزادانہ استعمال سے یقینی بنائی جا سکتی ہے ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے ووٹ کی اہمیت کو مفصل انداز میں اجاگر کرتے ہوئے سیمینار کے شرکاء کو تاکید کی کہ ملک میں مستحکم جمہوری عمل کے فروغ کے لئے حق رائے دہی کے درست اور بھرپور استعمال کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم پیغام متعلقہ علاقوں میں مکمل اثر پذیری کے ساتھ عام کیا جائے ۔ سیمینار کے دوران سوال و جواب کا سیشن بھی کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر توقیر اقبال نے شرکا ء کی طرف سے کئے گئے سوالات کے مدلل جوابات دیئے ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے منان ظفر نے ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور عوام کی جمہوری تعلیم کے ضمن میں آگاہی سیمینار کے انعقاد کو ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن اور ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کا عمدہ اور قابلِ تحسین مشترکہ اقدام قرار دیا ۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.