ہماری کامیابی کے خوف سے انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے،ایاز امیر

 


چکوال(عبدالغفور منہاس سے)رکن قومی اسمبلی چوہدری ایاز امیر حلقہ پی پی21سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار راجہ طارق افضل کالس اور چیف کوآرڈی نیٹر انتخابی مہم چوہدری اظہر محمود چکرال کے ہمراہ تمام تر رکاوٹیں توڑتے ہوئے ڈنڈوت اور مگھال میں انتخابی جلسے کرنے میں کامیاب ہو گئے۔چوہدری ایاز امیر انتخابی کارواں کے ہمراہ مگھال پہنچے جہاں پر ان کی آمد سے قبل ہی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہو چکی تھی اور انہیں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں تھی ،ٹینٹ سروس مالکان کو جلسہ گاہ کے لیے کرسیاں فراہم نہ کرنے کی ہدایات کی گئی تھیں جبکہ جلسہ گاہ کو بھی تالے لگا دئیے گئے تھے مگر سابق چیئرمین ملک خدا بخش مگھال اوران کی ٹیم کی حاضر دماغی کی وجہ سے دوسری جگہ پر جلسہ کیا گیا جو کامیاب رہااور ایاز امیر بھی چوہدری اظہر محمود چکرال کے ہمراہ تمام تر رکاوٹیں توڑتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچ گئے۔ جہاں پر چوہدری ایاز امیر نے اپنے خطاب میں اہلیان مگھال کی جرات اور بہادری پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کی کامیابی کے خوف سے انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ چوہدری ایاز امیر بعد ازاں ڈنڈوت پہنچے جہاں پر سابق چیئرمین /ناظم راجہ ارشد اور میجر(ر) راجہ خالد نے انتخابی جلسے کا اہتمام کر رکھا تھا۔ یہاں پر بھی جلسہ کو ناکام بنانے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں مگر ایاز امیر مذکورہ رکاوٹوں کو بھی عبور کرتے ہوئے وہاں ڈنڈوت میں جلسہ کرنے میں کامیاب رہے۔انہوںنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے اور 8فروری کو حلقہ این اے58میں انتخابی نشان باجا اور پی پی21میں رباب پر مہر لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور مسلم لیگ ن کو اپنی شکست نظر آ رہی ہے جس کی وجہ سے انتظامیہ کو اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے مگر8فروری کو عوامی آواز کے سامنے تمام آوازیں دب جائیں گی۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.