چوہدری ایاز امیر کے عام انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے نے ضلع چکوال کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی

 



چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر۔ ڈھڈیال نیوز)نامور صحافی،کالم نگار اور سابق ایم این اے چوہدری ایاز امیر کے عام انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے نے ضلع چکوال کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی،کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کے بعد چوہدری ایاز امیر امیربھگوالیہ مارکیٹ میں اپنے سیکرٹریٹ میں پہنچے تو حلقہ کی معروف سیاسی شخصیات،وکلاء،سول سوسائٹی کی بڑی تعداد وہاں پہنچ گئی اور چوہدری ایاز امیر کے الیکشن میں حصہ لینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ بھون چوک کے قریب امیربھگوالیہ مارکیٹ میں ایاز امیر سیکرٹریٹ میں مرکزی الیکشن آفس قائم کر دیا گیا ہے۔ جس کی تزئین و آرائش کا کام بھی ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز چوہدری ایاز امیر نے اپنے گروپ کے سینئر رہنما ملک زعفران زلفی ایڈووکیٹ کی سربراہی میں وکلاء پینل کے ہمراہ ریٹرننگ آفیسر کی عدالت سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے اور سیکرٹریٹ پہنچے۔ ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء کی بڑی تعداد سیکرٹریٹ پہنچی جہاں پر انہوں نے چوہدری ایاز امیر کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور انتخابی مہم میں شانہ بشانہ چلنے کا اعلان کیا۔وکلاء کے وفد نے چوہدری ایاز امیر کے الیکشن لڑنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔واضح رہے کہ چوہدری ایاز امیر پی ٹی آئی قائد عمران خان کی اپیل پر حلقہ این اے58سے قومی اسمبلی کی نشست پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں اور پارٹی قیادت کی طرف سے انہیں مکمل طور پر فری ہینڈ دیا گیا ہے کہ وہ اپنا پینل اپنی مرضی سے تشکیل دیں اور الیکشن میں حصہ لیں۔ادھر چوہدری ایاز امیر نے پی پی 20اور پی پی 21کے لیے صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی نامزدگی کے لیے صلاح و مشورے شروع کر دئیے ہیں اور آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مذکورہ دونوں حلقوں پر امیدواروں کی نامزدگی کر دی جائے گی اورکاغذات نامزدگی داخل کروانے کے بعد پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے انتخابی مہم شروع کر دی جائے گی۔چوہدری ایاز امیر کے الیکشن لڑنے کے فیصلے کو عوام کی طرف سے بھرپور انداز میں سراہا جا رہا ہے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.