خصوصی بچے یکساں طور پر صلاحیتوں سے مالا مال ہیں،قراۃالعین ملک

 


چکوال (نامہ نگار۔ڈھڈیال نیوز ) خصوصی افراد کے عالمی دن کے سلسلہ میں ایک پروقار تقریب گورنمنٹ ڈیف اینڈ ڈی فیکٹو ہیئرنگ سکول تترال روڈ چکوال میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سپیشل ایجوکیشن راولپنڈی ، فوکل پرسن ادارہ ، ضلع بھر سے خصوصی تعلیم کے اداروں کے بچے اور ان کے اساتذہ بھی موجود تھے ۔ تقریب میں ضلع بھر سے خصوصی تعلیم کے اداروں سے آئے ہوئے بچوں نے قومی ترانہ، ملی نغموں اور مختلف ٹیبلوز سمیت شاندار پروگرام پیش کر کے اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کیا جس کو ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک اور دیگر شرکائے تقریب نے بے حد سراہا اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچے یکساں طور پر صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد بھی یہی ہے کہ معاشرہ میں خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کے بارے میں آگہی کو فروغ دیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے سپیشل ایجوکیشن کے اداروں میں زیر تعلیم بچوں کی قابلیت اور صلاحیتوں کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سپیشل ایجوکیشن کے اداروں کو در پیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن معاونت و سرپرستی کرے گی تاکہ خصوصی بچے پوری یکسوئی کے ساتھ حصول تعلیم کا عمل مکمل کر سکیں ۔ تقریب کے آخر میں خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انعامات تقسیم کئے گئے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.