20 دسمبر یوم شہداء ریسکیو کی مناسبت سے شہدا ءکو خراج عقیدت
چکوال (نامہ نگار) ریسکیو کے شہداء کی یاد میں ہر سال 20 دسمبر کو ریسکیو شہداء کا دن منایا جاتا ہے۔ اسی حوالے سے ریسکیو سینٹرل سٹیشن چکوال اور تحصیل سب سٹیشنز پر دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے آفیسرز اور افیشلز ریسکیورز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عتیق احمد خان نے کی۔ تقریب میں شہداءکے ایصال ثواب کے لیے قران خوانی اور بلند درجات کے لیے دعا کروائی گئی ۔ تقریب میں ریسکیورز ، ریسکیو سکاؤٹس اور کمیونٹی نے شرکت کی۔ ۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عتیق احمد خان نے اپنے پیغام میں بتایا کہ یوم شہداء منانے کا مقصد شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنا ہے جنہوں نے اپنے ملک پاکستان کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کی قربانیاں دیں اور شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفسر ڈاکٹر عتیق احمد خان کا کہنا تھا کہ ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے اہلکار پر ہمیں فخر ہے اور ہم ان شہداء کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں تمام ریسکیورز کے لیے مشعل راہ قرار دیتے ہیں اور ہم ان کے خاندان والوں کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں