قائد حزب اختلاف شہباز شریف کورونا وائرس کا شکار، گھر میں قرنطینہ کرلیا


لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ صدر پاکستان مسلم لیگ نون کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

 لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ نے قوم سے شہباز شریف کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا شہباز شریف کو ان حالات میں نیب میں طلب کر کے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا، تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ شہباز شریف کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور ان کی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے، یہاں تک کہ ویڈیو لنک پر تفتیش کرنے کی پیشکش کی۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا شہباز شریف نے نیب کی پیشی کے علاوہ نہ کسی سے ملاقات کی اور نہ ہی کہیں اور گئے، اگر شہباز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور نیب ذمہ دار ہوں گے، شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن رہائشگاہ پر اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔

ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے کہا گزشتہ رات شہباز شریف کی رپورٹ مثبت آئی ہے، انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا، شہباز شریف کینسر میں مبتلا رہے ہیں، نیب کو متعدد بار ان کی طبیعت سے آگاہ کیا، نیب کو ویڈیولنک سے تفتیش کا بھی کہا تھا، شہباز شریف ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق چل رہے ہیں، وہ بار بار کورونا ٹیسٹ کرا رہے تھے۔

واضح رہے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی احسن اقبال، تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار، فرخ حبیب، جے یو آئی (ف) کی شاہدہ اختر علی، ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری، سینیٹر ثنا جمالی وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد تمام لوگوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا۔
..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.